موسم سرما میں گیس کی قلت، وزیراعظم نے وزیر خزانہ کی سربراہی میں کمیٹی قائم کر دی

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ حکومت منصفانہ اور شفاف انتخابات کی خاطر سازگار ماحول کے لئے کوشاں ہے۔ وزیراعظم نے موسم سرما میں گیس کی قلت سے نمٹنے کے لئے وفاقی وزیر خزانہ کی سربراہی میں کمیٹی بنا دی ہے جو ایک ہفتہ میں سفارشات پیش کرے گی۔ وزیراعظم کے مشیر اقلیتی امور ڈاکٹر پال بھٹی کو سندھ کا دورہ کر کے ہندو برادری کی شکایات معلوم کرنے اور رپورٹ دینے کی ہدایت بھی کی ہے۔ وزیراعظم نے یہ ہدایات گیس کی صورتحال سے متعلق اجلاس، متعدد وفاقی وزرا سے ملاقاتوں میں دیں۔ وزیراعظم کی صدارت میں اعلیٰ سطح کے اجلاس میں گیس کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ موسم سرما میں گیس کی کمی کا سامنا ہو گا۔ اجلاس میں گیس کی کمی کے اثرات کم کرنے کے لئے متعدد تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ قوم کو قلت کے باعث ایڈجسٹمنٹ کرنا پڑے گی۔ کمیٹی میں قمر زمان کائرہ، مشیر پٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین شامل ہوں گے۔ نجی شعبہ کے مختلف نمائندے بھی اس میں شامل ہوں گے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ کمیٹی ایک ہفتہ میں قابل عمل تجاویز دے۔ وزیراعظم سے رکن قومی اسمبلی نعمان اسلم شیخ، سینیٹر اسلام الدین شیخ اور سیف اللہ بنگش نے ملاقاتیں کیں۔ وزیراعظم نے سکھر کے لئے ترقیاتی فنڈز فوری جاری کرنے کی ہدایت کی۔ گوجر خان کے عمائدین نے بھی وزیراعظم سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے عوام کے شاندار مستقبل کی بنیاد رکھ دی۔ پاکستان پیپلز پارٹی اتحادیوں اور عوام کی حمایت سے آئندہ انتخابات میں کامیاب ہوں گے۔ گوجر خان کے عوام نے ہمیشہ ان پر اظہار اعتماد کیا ہے۔ وفاقی وزیر امور کشمیر میاں منظور احمد وٹو، ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، ڈاکٹر پال بھٹی نے بھی الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے وزیراعظم کو بتایا کہ برطانیہ کا خیراتی ادارہ بارش زدہ علاقوں میں وبائی بیماریوں کے پھیلا¶ کی روک تھام کے لئے مفت ادویات دے گا وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ڈرگ بنک قائم کیا جائے۔ منظور وٹو نے گلگت بلتستان، آزاد کشمیر کی مختلف ترقیاتی سکیموں کے بارے میں بتایا۔ ڈاکٹر پال بھٹی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حکومت اقلیتوں کو بہت اہمیت دیتی ہے۔