دہشت گردی کے خلاف پاکستان سے تعاون جاری رکھیں گے : برطانیہ، تعلقات مضبوط ہو رہے ہیں: سرتاج عزیز
اسلام آباد (آئی این پی + نوائے وقت رپورٹ) برطانوی ہائی کمشنر فلپ بارٹن نے کہا ہے کہ برطانیہ پاکستان کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تعاون فراہم کر رہا ہے، جسے جاری رکھا جائے گا، پاکستان میں جمہوری طریقے سے انتقال اقتدار پر پاکستانی عوام اور سیاستدانوں کو سلام پیش کرتے ہیں، جمہوریت کا استحکام چاہتے ہیں، خواہش ہے جمہوریت پھلے پھولے۔ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان گہرے اور وسیع تعلقات ہیں جنہیں مزید مضبوط بنایا جائے گا، پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرتے رہیں گے۔ وہ برطانوی سفارتخانے میں ملکہ برطانیہ کی 88 ویں سالگرہ کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ فلپ بارٹن نے کہا کہ ملکہ برطانیہ کی سالگرہ کی تقریب پاکستان اور برطانیہ کے درمیان قریبی تعلقات کی عکاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ شراکت داری قائم رہے گی اور برطانیہ دونوں ممالک کی سکیورٹی اور باہمی خوشحالی کے لئے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا۔ برطانیہ کے پاکستان کے ساتھ تعلیم، ثقافت اور تجارت سمیت تمام شعبوں میں گہرے اور وسیع تعلقات قائم ہیں، تجارت دونوں ممالک کے تعلقات کا مرکز ہے۔ برطانیہ دہشت گردی سے نمٹنے کے لئے پاکستان اور اس کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔ 10 لاکھ پاکستانی برطانیہ میں رہ رہے ہیں۔ آنے والے دنوں میں سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا۔ وزیر اعظم کے مشیر برائے امور خارجہ و قومی سلامتی سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تعلقات مزید مضبوط ہو رہے ہیں، وزیر اعظم رواں ماہ کے آخر تک برطانیہ کا دورہ کریں گے،2015ء تک پاک برطانیہ تجارتی حجم کو 3 ارب پائونڈز تک لے جایا جائے گا۔ وہ برطانوی سفارتخانے میں ملکہ برطانیہ کی 88 ویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔