ملک میں بجلی چوری کی عادت65 سال پرانی ہے، ختم کرنے میں تھوڑا وقت لگے گا: خواجہ آصف
اسلام آباد (اے این این) وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ پاکستان میں بجلی چوری کی عادت 65سال پرانی ہے، صوبائی حکومتیں اور بڑے ادارے بجلی کے بل ادا نہیں کرتے، صوبوں نے بجلی کے بقایا جات ان کے فنڈز سے کاٹنے کی ہماری تجویز کی مخالفت کی ہے۔ پاک چین ورکنگ گروپ کے اجلاس میں شرکت کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ محمد آصف نے کہاکہ چین کی مدد سے پاکستان میں 21ہزار میگاواٹ بجلی کے منصوبے لگائے جائیں گے۔ ہماری حکومت نہ صرف لوڈ شیڈنگ کے خاتمے بلکہ اگلے 25سال کی ضروریات کو مدنظر رکھ کر منصوبہ بندی کر رہی ہے، رواں برس چھ سے سات ہزار میگاواٹ بجلی کے منصوبے شروع کر کے 2017ء تک مکمل کر لئے جائیں گے اور لوڈشیڈنگ اب ماضی کا ڈرائونا خواب ہی رہ جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں بجلی چوری کی عادت 65سال پرانی ہے جسے ختم کرنے میں تھوڑا وقت لگے گا۔