حلقہ بندیوں میں6 سے9 ماہ لگیں گے، الیکشن کمشن نے پنجاب سندھ میں بلدیاتی الیکشن کے لئے مزید وقت مانگ لیا
اسلام آباد(نیوز ایجنسیاں) الیکشن کمشن آف پاکستان نے سپریم کورٹ سے پنجاب اور سندھ میں بلدیاتی انتخابات کیلئے مزید وقت مانگ لیا ۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے سپریم کورٹ میں جمع کرائی جانے والی درخواست میں میں کہا گیا کہ حلقہ بندیوں کے لئے 6 سے9 ماہ کاوقت درکار ہے، جس کے باعث پنجاب اور سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کیلئے وقت درکار ہو گا جس میں چھہ سے نو ماہ لگ سکتے ہیں۔ سپریم کورٹ نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو پانچ ماہ میں حلقہ بندیوں کیلئے قانون سازی مکمل کرنے کا حکم دیا تھا۔ فیصلے کے تحت قانون سازی کے بعد الیکشن کمیشن کو حلقہ بندیوں کیلئے 45 روز کا وقت دیا گیا تھا۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ حلقہ بندیوں کیلئے 45 دن کے بجائے چھ ماہ کا وقت دیا جائے۔ سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کو پندرہ نومبر تک بلدیاتی انتخابات کرانے کا حکم دے رکھا ہے۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں حلقہ بندیوں کا اختیار حکومت سے لے کر الیکشن کمیشن کو دیدیا تھا۔الیکشن کمشن کا کہنا ہے کہ انتخابات کرانے میں بھی 3 ماہ کا وقت درکار ہو گا۔