کشمیریوں کے حق میں آواز اٹھانے پر بھارت، امریکہ پابندی کی باتیں کر رہے ہیں: حافظ سعید

کشمیریوں کے حق میں آواز اٹھانے پر بھارت، امریکہ پابندی کی باتیں کر رہے ہیں: حافظ سعید

اسلام آباد (نوائے وقت نیوز) امیر جماعة الدعوة پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ مظلوم کشمیریوں کے حق میں آواز بلند کرنے پر بھارت اور امریکہ ہمارے فنڈز پر پابندی کی باتیں کر رہے ہیں۔ جماعة الدعوة زلزلہ متاثرہ علاقوں میں کروڑوں روپے مالیت کے جانور قربان کرے گی، ہزاروں رضاکار گوشت کی تقسیم کے عمل میں حصہ لیں گے، زلزلہ زدہ علاقوں میں متاثرین کیلئے پہلے مرحلہ میں دو ہزار گھر تعمیر کر یں گے، بیوگان کیلئے گھروں کی تعمیر کو ترجیح دی جائے گی، متاثرہ علاقوں میں کروڑوں روپے مالیت کا سامان تقسیم کر چکے، پورے ملک سے نقد رقوم اور امدادی سامان بھجوانے کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز مرکز قبا اسلام آباد میں بلوچستان کے زلزلہ متاثرین کیلئے امدادی سامان کی روانگی کے موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ترجمان جماعةالدعوة محمد یحییٰ مجاہد، شفیق الرحمن و دیگر بھی موجود تھے۔ مرکز قبا اسلام آباد سے سوموار کو 48لاکھ روپے سے زائد مالیت کا امدادی سامان بلوچستان کے زلزلہ متاثرہ علاقوں کیلئے روانہ کیا گیا۔ حافظ محمد سعید نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہبھارت بلوچستان میں علیحدگی کی تحریک کھڑی کر رہا ہے جبکہ ہم اپنے بلوچ بھائیوں کی محرومیوں کا ازالہ کرنے کی کوشش کرررہے ہیں یہی وجہ ہے کہ بھارت امریکہ کے ذریعے ہمارے خلاف بے بنیاد پابندیاں لگانے کی باتیں کر تا ہے لیکن اللہ فضل و کرم سے جب تک پاکستانی قوم ہمارے اوپر اعتماد کرتے ہوئے ہمیں وسائل مہیا کرتی رہے گی ان پابندیوں سے کوئی فرق نہیں پڑتا، ہمیں فنڈز پاکستانی قوم سے ملتے ہیں بیرونی امدا کو صحیح نہیں سمجھتے زلزلہ متاثرہ ہر گھر میں خشک راشن پہنچانے کی کوشش کریں گے اور یہ سلسلہ دیر تک جاری رکھا جائے گا۔ جماعة الدعوة کے رضاکاروں نے زلزلہ کے فوری بعد وہاں امدادی سرگرمیوں کا آغاز کیا۔اللہ کا شکر ہے کہ متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں سرانجام دینے میں کوئی رکاوٹ اور خطرہ نہیں ہے۔ وفاقی حکومت، تمام صوبائی حکومتوں اور امدادی اداروں کو زلزلہ متاثرین کی مدد میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت بلوچستان میں مسلسل مداخلت کر رہا ہے اور تخریب کاری اور دہشت گردی پروان چڑھانے کیلئے بے پناہ سرمایہ خرچ کر رہا ہے۔ وہ پاکستان کے خلاف مذموم پروپیگنڈہ مہم جاری رکھے ہوئے ہے۔ اے ایف پی کے مطابق حافظ سعید نے کہا کہ امریکہ اور بھارت بلوچستان کے زلزلہ سے متاثرہ علاقوں میں ہماری امدادی سرگرمیوں کو بھی نقصان پہنچانا چاہتا ہے۔ نوائے وقت نیوز کے مطابق حافظ سعید نے کہا ہے کہ امریکہ اور بھارت کی جماعت الدعوة پر پابندیوں کی وجہ کشمیر پر آواز اٹھانا ہے۔ کشمیر کے لئے آواز بلند کرنا بھارت کو گوارا نہیں۔ بھارت ہمارے خلاف بے بنیاد پراپیگنڈہ کر رہا ہے اور امریکہ استعمال ہو رہا ہے۔