الیکشن کمشن کا گوشوارے جمع نہ کرانیوالے ارکان کی رکنیت عید کے بعد معطل کرنیکا فیصلہ

اسلام آباد (اے پی اے + نوائے وقت نیوز) الیکشن کمیشن میں وزیر اعلیٰ کے پی کے پرویز خٹک سمیت مزید 29 ارکان پارلیمنٹ نے اپنے اثاثوں کے گوشوارے جمع کرادیئے ، گوشوارے جمع نہ کرانے والے ارکان کی تعداد 70 رہ گئی ۔ کمشن سے جاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک 1099 ارکان پارلیمنٹ نے اپنے اثاثوں کی تفصیلات الیکشن کمشن میں جمع کرادی ہیں جن 70 ارکان نے ابھی تک اثاثوں کی تفصیلات کمشن میں جمع نہیں کرائیں ان میں 4سینیٹرز ، 18 ارکان قومی اسمبلی ، 9 ارکان پنجاب اسمبلی، 11ارکان سندھ اسمبلی، 22 ارکان خیبر پی کے اسمبلی اور 6 ارکان بلوچستان اسمبلی شامل ہیں۔ الیکشن کمشن حکام کا کہنا ہے کہ مالی اثاثوں کی تفصیلات جمع نہ کرانے والے 70 ارکان پارلیمنٹ و صوبائی اسمبلی کی رکنیت عید کے بعد معطل کر دی جائے گی۔ قانون کے مطابق الیکشن کمشن کو آج تک اثاثوں کی تفصیلات جمع نہ کرانے والے ارکان کی رکنیت معطل کرنا تھی لیکن عید کے باعث ارکان کو عید کی چھٹیوں تک مہلت دی گئی ہے۔ واضح رہے کہ قانون کے مطابق ارکان پارلیمنٹ سالانہ بنیادوں پر اپنے اور اہل خانہ کی تمام منقولہ اور غیر منقولہ جائیداد اور اثاثوں کی تفصیلات الیکشن کمشن کو پیش کرنے کے پابند ہیں۔