سی این جی ایسوسی ایشن کا عدالتی فیصلے تک قیمتیں برقرار رکھنے کا اعلان

سی این جی ایسوسی ایشن کا عدالتی  فیصلے تک قیمتیں برقرار رکھنے کا اعلان

اسلام آباد (خبر نگار+ نوائے وقت نیوز) سی این جی ایسوسی ایشن نے سپریم کورٹ کے حتمی فیصلے تک قیمت برقرار رکھنے کا اعلان کر دیا۔ ترجمان سی این جی ایسوسی ایشن کے مطابق قیمت سے متعلق 11 سی این جی سٹیشنوں کا فرانزک آڈٹ مکمل کر لیا۔ سپریم کورٹ میں فرانزک آڈٹ رپورٹ 19 نومبر کو پیش کی جائے گی۔ آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن نے اوگرا سے مطالبہ کیا ہے کہ ملک بھر کے تمام سی این جی سٹیشنوں کو ایک جیسی قیمت پر گیس فراہم کی جائے ۔ سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق کئے جانے والے سی این جی سٹیشنوں کے آڈٹ پراسیس کے حوالے سے گذشتہ روز ایسوسی ایشن نے ایک خط بھیجا ہے جس میں پروڈکشن کاسٹ کی آڈٹنگ کے حوالے سے سی این جی سیکٹر کے تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے اور مطالبہ کےا ہے کہ گیس فی کلو ریٹ پر فروخت کرنے کیلئے ایم ایم بی ٹی یو کے بجائے فی کلو ریٹ پر فراہم کی جائے۔ نوے فیصد سی این جی سٹیشنوں کو گیس فراہمی معاہدے کے مطابق طے شدہ پریشر سے انتہائی کم پریشر پر گیس ملتی ہے جسکی وجہ سے نقصان ہوتا ہے۔ لو پریشر کی وجہ سے گیس بلزاور بجلی کے بل کی وجہ سے بڑھنے والی کاسٹ کو اس میں شامل کیا جائے ورنہ دوسری صورت میں گیس کا فل پریشر یقینی بنایا جائے۔ مزید برآں وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر عاصم حسین نے کہا ہے کہ چیک ریپبلک نے پاکستان میں جیو تھرمل انرجی متعارف کرانے کی پیش کش کی ہے۔ یہ بات انہوں نے چیک ریپبلک کے سفیر میرو سلواوکرینک سے ملاقات کے دوران کہی۔ اس موقع پر چیک ریپبلک کی وزارت انڈسٹری اینڈ ٹریڈ کا وفد بھی موجود تھا۔ چیک ریپبلک کے سفیر نے ڈاکٹر عاصم حسین کو جیو لاجیکل سروے کے لئے جیو سائنٹسٹ کی کیپسٹی بلڈنگ کی بھی پیشکش کی۔