جسٹس انور کاسی کا عظیم آفریدی کے خلاف درخواست سننے سے انکار چیف جسٹس اقبال حمید الرحمن کو بھجوا دی

اسلام آباد (اے پی پی) اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محمد انور خان کاسی نے ہائی کورٹ کے ایڈہاک جج جسٹس محمد عظیم خان آفریدی کے خلاف دائر درخواست کو سننے سے انکار کرتے ہوئے چیف جسٹس اقبال حمید الرحمن کو مذکورہ درخواست بھجوا دی۔ بدھ کو سلیم اللہ خان ایڈووکیٹ نے جسٹس محمد عظیم خان آفریدی کے خلاف بیان بازی اور انٹرنیٹ پر تشہیر کرنے کے الزام میں درخواست دائر کی جسے عدالت عالیہ کے جسٹس محمد انور خان کاسی نے سننے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ اس میں میری ذات سے متعلق ذکر کیا گیا ہے لہٰذا میں مذکورہ درخواست کی سماعت نہیں کرسکتا۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس نے جسٹس ریاض احمد خان کو مذکورہ درخواست کی سماعت کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔