تجارتی رعایتوں پر عملدرآمد‘ پاکستان کی 75 مصنوعات کو یورپی یونین میں رسائل مل گئی

اسلام آباد (نوائے وقت نیوز+ اے پی پی) پاکستان کی 75 مصنوعات کو یورپی یونین میں رسائی دیدی گئی۔ یورپی یونین نے نوٹیفکےشن جاری کر دیا۔ وزارت تجارت کے مطابق 13دسمبر 2013ءتک نوٹیفکیشن کا اطلاق رہیگا۔ نوٹیفکیشن کا اطلاق گزشتہ رات 12بجے کے بعد جانے والی ہر شپمنٹ پر کر دیا گیا۔ 75 میں سے 26اشیاءپر معمولی ٹیرف اور 49اشیاءمکمل طور پر ڈیوٹی فری ہونگی۔ یورپی پارلیمنٹ اور کونسل کی منظوری کے بعد پاکستان کیلئے یورپی یونین کی تجارتی رعایتوں پر بدھ سے عملدرآمد شروع ہو گیا ہے۔ پاکستان میں 2010ءکے تباہ کن سیلاب کے بعد یورپی کونسل نے یورپی کمیشن کو پاکستان کیلئے ایک جامع پیکج تیار کرنے کا مینڈیٹ دیا تھا، جس میں یورپی منڈیوں تک زیادہ رسائی کیلئے اقدامات شامل تھے۔ پاکستان میں یورپی یونین کے سفیر لارس گنروگے مارک نے گزشتہ روز بیان میں تجارتی رعایتوں پر عملدرآمد کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ان خصوصی تجارتی رعایتوں سے روزگار کی فراہمی کے ذریعے شرح نمو میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ان رعایتوں سے پاکستان کی صنعتوں خصوصاً ٹیکسٹائل اور کپڑے کے برآمدکنندگان کو منڈی تک زیادہ رسائی ملے گی۔