پاکستان پوسٹ میں 5برسوں کے دوران 55کروڑ کی کرپشن ہوئی، ڈائریکٹر آپریشن

اسلام آباد(نوائے وقت رپورٹ+ آن لائن)پاکستان پوسٹ میں گذشتہ 5برسوں کے د وران 55کروڑ روپے سے زائد کی کرپشن کی گئی ہے کرپشن میں ملوث 538 افسروں اور اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی گئی ہے جبکہ 107ملین روپے ریکور کئے گئے ہیں۔ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کو تفصیلات فراہم کرتے ہوئے پاکستان پوسٹ کے ڈائریکٹر آپریشن شہریارنے بتایا2009-10سے لیکر2015تک مختلف ڈاکخانوں میں فراڈ اور کرپشن میں ملوث 219افسران کو ملازمتوں سے برطرف کیا گیا 75ملازمین کی تنزلی کی گئی 56ملازمین کو جبری ریٹائرڈ کیا گیا 169اہلکاروں کی تنخواہوں سے کٹوٹی کی گئی جبکہ 505اہلکاروں کی اینکریمنٹس روک لی گئی ہیں ، انہوںنے بتایااب قانون میں تبدیلی لائی جائے گی تاکہ کرپشن میں ملوث اہلکاروں کی برطرفی کے ساتھ اس کے خلاف فوجداری مقدمات بھی درج کئے جا سکیںانہوںنے بتایاکہ ایف آئی اے کی سست روی کی وجہ سے کرپشن میںملوث اہلکاروں کے خلاف کارروائیوں میں مشکل پیش آتی ہے اور ریکوری بھی سست روی کا شکار ہوتی ہے ۔نوائے وقت رپورٹ کے مطابق قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی مواصلات کے اجلاس میں کوریئر سروسز کے ذریعے دہشتگردی کے مواد کی ترسیل کی روک تھام کیلئے اقدامات کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں پرائیویٹ کوریئر سروسز ریگولیٹری اتھارٹی قائم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔