قائمہ کمیٹی نے قرآن پاک کی معیاری کاغذ پر غلطیوں سے پاک اشاعت کا بل منظور کر لیا

اسلام آباد (آئی این پی) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور نے قرآن پاک کی معیاری کاغذ پر اغلاط سے مبرا اشاعت و طباعت کا بل اتفاق رائے سے منظور کرلیا ہے، کمیٹی نے قرآن پاک کے بوسیدہ اوراق کو احترام سے شہید کرنے کیلئے مرکز اور صوبوں کو سرکاری سطح پر مناسب اقدامات کی ہدایت کی ہے۔ ارکان کمیٹی نے مطالبہ کیا کہ قرآن پاک کی 52گرام سے کم غیر معیاری کاغذ پر چھپائی کرنے والے ناشروں کے خلاف جرمانے کی حد 20ہزار سے بڑھا کر 5لاکھ روپے تک کی جائے۔ کمیٹی نے حج 2015ء کے اچھے انتظامات، حج کرایوں میں 10ہزار کمی اور وفاقی دارالحکومت میں نظام صلوٰۃ کے نفاذ پر حکومت اور وزارت مذہبی امور کی ستائش کی اور ہدایت کی کہ حجاج کرام سے سعودی عرب میں رہائش کیلئے لی گئی رقم میں سے بچ جانے والی رقم سعودی عرب روانگی سے قبل واپس کی جائے، رہائش گاہیں حرم شریف کے قریب کرائے پر حاصل کی جائیں۔ قائمہ کمیٹی کا اجلاس کمیٹی کے چیئرمین حافظ عبدالکریم کی زیر صدارت وزارت مذہبی امور میں ہوا۔ اجلاس میں بل پیش کرنے والے میجر(ر) طاہر اقبال، آسیہ ناز تنولی، شاہدہ اختر علی، عمران شاہ، شگفتہ جمانی، صاحبزادہ یعقوب ،صاحبزادہ طارق اللہ، جاوید جاموٹ، سمیت وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف، پیر امین الحسنات، سیکرٹری مذہبی امور سہیل سمیت وزارت کے دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ مسلم لیگ (ن) کے رکن میجر طاہر اقبال کے نجی بل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، کمیٹی میں شریک ارکان نے حج انتظامات میں بہتری، فضائی کرایوں میں کمی اور اسلام آابد میں نظام صلوٰۃ کے قیام پر وزیراعظم اور وزیر مذہبی امور کو مبارکباد پیش کی اور ان کی کارکردگی کو سراہا۔ ارکان نے مطالبہ کیا کہ نظام صلوٰۃ کو دیگر چاروں صوبوں سمیت آزاد کشمیر، جی بی اور فاٹا کے علاقوں تک توسیع دی جائے۔ کمیٹی کے ارکان نے ملک بھر میں ایک عید منانے کیلئے اقدامات کی ضرورت پر زور دیا، ارکان نے عمرہ کے شعبے کو بھی وزارت کے ماتحت لانے کی سفارش کی۔ وزیر مذہبی امور نے کہا کہ عمرہ ٹور آپریٹرز کو وزارت کے ماتحت لانے کے حوالے سے کمیٹی کام کر رہی ہے جو جلد سفارشات پیش کر دے گی۔ حج کرایوں میں کمی کر دی گئی ہے،کرایوں سے بچنے والی رقم حاجیوں کو ایئرپورٹس پر واپس کر دی جائے گی۔ سعودی عرب میں ہائرنگ کا کام جاری ہے، پارلیمانی ایڈوائزری کمیٹی حج سے قبل انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے سعودی عرب کا دورہ کرے گی، نظام صلوٰۃ کو پورے ملک میں نافذ کرنے کیلئے صوبوں سے مل کر کام کر رہے ہیں۔