حج درخواستوں کی قرعہ اندازی 71 ہزار 684 افراد کا انتخاب

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ)  سرکاری سکیم کے تحت حج درخواستوں کی گزشتہ روز قرعہ اندازی ہوئی 2 لاکھ 69  ہزار درخواستوں میں سے 71   ہزار خوش نصیب  فریضہ حج ادا کریں گے۔ وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف نے اسلام آباد میں نیوز کانفرنس میں بتایا 27 اپریل سے 13 مئی تک سرکاری حج سکیم کے تحت 2  لاکھ 69 ہزار  درخواستیں  موصول ہوئیں، کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی سے  71 ہزار  684  عازمین کا انتخاب  ہو گیا ہے۔ اس سال پرائیویٹ ٹور آپریٹرز کو بھی 71 ہزار 684  عازمین حج کا کوٹہ  دیا گیا ہے۔ سرکاری حج سکیم کے تحت منتخب ہونے والے عازمین حج  کے نام وزارت مذہبی امور کی ویب سائٹ پر دے دئیے گئے ہیں۔  عازمین  سے کہا گیا ہے وہ اپنے پاسپورٹ  متعلقہ  بنک برانچ میں 25  مئی تک جمع کرا دیں۔  وزارت مذہبی امور کے کمپیوٹرائزڈ  ڈیٹا کے مطابق اس سال  عازمین  حج میں زیادہ تعداد  30  سے 50 سال تک کی عمر کے لوگوں کی ہے۔