جاپان نان پراجیکٹ گرانٹ کے تحت پاکستان کو فنی تعلیم و تربیت کیلئے 42 لاکھ ڈالر امداد دیگا

اسلام آباد (اے پی پی) جاپان نے نان پراجیکٹ گرانٹ ایڈ (این پی جی اے) کے تحت پاکستان میں فنی تعلیم و تربیت کیلئے مشینری کی فراہمی کی مد میں 4.2 ملین ڈالر (43 کروڑ روپے) کی امداد کی فراہمی پر اتفاق کیا ہے جو جاپان کے چھوٹے اور درمیانے درجہ کے کاروباری اداروں کی طرف سے فراہم ہوگی۔ اس ضمن میں پاکستان میں جاپان کے سفیر ہیروشی انوماتا اور اقتصادی امور ڈویژن کے سیکرٹری محمد سلیم سیٹھی کے مابین جمعرات کو یہاں ایک معاہدہ طے ہوا ہے۔ توقع ہے کہ اس امداد سے خیبر پی کے اور بلوچستان کی صوبائی حکومتوں کو فنی تعلیم اور ووکیشنل تربیتی مراکز اور دیگر تربیتی اداروں کیلئے مشینری اور آلات کی خریداری میں مدد ملے گی۔ دیگر تفصیلات جاپانی اور پاکستانی ہم منصبوں کے مابین اتفاق رائے سے طے ہوں گی۔ این پی جی اے کے تحت جاپان کے چھوٹے اور بڑے کاروباری اداروں کی مصنوعات کی خریداری پر اتفاق ہوا ہے۔ جاپان کے ایس ایم ایز جدید، منفرد اور موثر ٹیکنالوجی کی مصنوعات تیار کررہے ہیں۔ اس گرانٹ کا مقصد پاکستان کی ترقیاتی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے ان ٹیکنالوجیز کو بروئے کار لانا ہے۔ جاپان کے سفیر ہیروشی انوماتا نے کہا کہ توقع ہے کہ یہ نان پراجیکٹ گرانٹ ایڈ سے پاکستان کی ترقیاتی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے جاپان کی صف اول کی مصنوعات کو بروئے کار لانے کا قیمتی موقع فراہم ہوا ہے۔