تھائی لینڈ میں پاکستانی ہائی کمشن کے 2 سینئر افسروں کی ملک مخالف سرگرمیوں کا نوٹس

اسلام آباد (آن لائن) وزارت داخلہ نے تھائی لینڈ میں پاکستانی ہائی کمشن کے 2 سینئر افسروں کے ملک مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہونے پر ان کے خلاف کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور انہیں فوری طور پر وطن واپس آنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزارت داخلہ کو معلومات حاصل ہوئی تھیں کہ تھائی لینڈ میں تعینات پاکستانی ہائی کمشن کے 2 سینئر عہدیداروں نے منشیات سمگلنگ اور دیگر جرائم کے علاوہ جرائم پیشہ افراد کو میانمر سے پاکستان بھیجا ہے اور ان کو غیر قانونی طریقے سے پاکستانی پاسپورٹ بھی جاری کروائے گئے۔ افسروں نے غیر قانونی کاموں کے عوض بھاری رشوت بھی وصول کی ہے ان کے بارے میں یہ اطلاعات ہیں کہ وہ ملک مخالف سرگرمیوں میں پیش پیش ہیں۔