کرسمس،امن،محبت،ہم آہنگی اور پیار کا تہوار ہے، خلیل طاہر سندھو
اسلام آباد(نوائے وقت نیوز) پنجاب کے وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور خلیل طاہر سندھونے کہا ہے کہ کرسمس امن و محبت کا پیغام ہے اور اسموقع پر ہمیںبین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ اور آپس میں محبتیں بانٹے کا عہد کرنا چاہیے۔ انہوں نے یہ بات اسلام آباد میں فیسز پاکستان کے تعاون سے یورپی یونین کے سفارت کاروں کے اعزاز میں کرسمس ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ عشائیے میں مختلف یورپی ممالک کے سفیروںاور سینئر سفارت کاروں کے علاوہ صدر فیسز پاکستان جاوید ولیم ، سیکریٹری جنرل ایلن عالم اور دیگر معتبر شخصیات نے شرکت کی۔ عشائیہ کی خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خلیل طاہر سندھو نے کہا کہ کرسمس ،امن،محبت،ہم آہنگی اور امید کا پیغام دیتا ہے اور یسوع مسیح کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوکر ہی امن قائم کیاجا سکتا ہے ۔صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور نے پنجاب حکومت کی جانب سے انسانی حقوق اور مذہبی اقلیتوں کے لئے کئے گئے اقدامات پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں قائم انسانی حقوق کے کے مرکز کے ذریعے صوبہ بھر کے افراد کے انسانی حقوق پر خاطر خواہ کام کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کے لئے تمام سرکاری ملازمتوں میں 5فیصد کوٹہ لازمی قرار دیا جا چکا ہے اورمستحق لوگوں کی مالی معاونت کی جا رہی ہے۔ بچوں اور خواتین کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے قانون سازی کی گئی ہے اور کسی بھی قسم کی انسانی حقوق کی خلاف ورزی کو روکنے کے لئے مقامی کمیٹیوں کے تعاون کے ساتھ ٹاسک فورس کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ صوبہ بھر میں نفرت آمیز تقاریر کے خاتمہ کے لئے لائوڈ اسپیکر ایکٹ نافذ کیا جا چکا ہے اور چائلڈ لیبر کا خاتمہ یقینی بنایا جا رہا ہے۔معاشرے میں کمزور اور ظلم کا شکار خواتین کے تحفظ کیلئے ڈے کیئر سینٹر ز قائم کئے جا رہے ہیں اور معاشرے میں بیگاڑ پیدا کرنیوالے تمام عوامل کا خاتمہ یقینی بنایا جا چکا ہے۔ سینئر سفیروں نے انسانی حقوق اور مذہبی اقلیتوں کیلئے پنجاب حکومت کی جانب سے کئے گئے اقدامات کو بے حد سراہا اور مستقبل میں پاکستان بالخصوص پنجاب کے ساتھ ملکر انسانی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے اپنا تعاون یقینی بنانے کی یقین دہانی بھی کرائی۔ یورپی یونین کے سفیر یژاں فوانسواکوتاں Jean-Francois CAUTAIN نے اس موقع پر نمائندگی کرتے ہوئے کہاکہ ہمیں دنیا میں امن کے لئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے تاکہ نفرتوں کا خاتمہ ہو ۔ انہوںنے کرسمس ڈنر کی تقریب کے انعقاد پر صوبائی وزیر خلیل طاہر سندھو اور فیسز پاکستان کے نمائندوں کا شکریہ ادا کیا۔