سپریم کورٹ: اراضی الاٹمنٹ کیس میں پیش نہ ہونے پر چیف سیکرٹری سندھ سمیت اعلیٰ حکام کے وارنٹ جاری

اسلام آباد (صباح نیوز) اراضی الاٹمنٹ کیس میں پیش نہ ہونے پر سپریم کورٹ نے چیف سیکرٹری سندھ سمیت اعلیٰ حکام کے وارنٹ جاری کردئیے۔ جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں دور کنی بنچ نے سمندری و سرکاری زمین کی غیرقانونی الاٹمنٹ سے متعلق کیس کی سماعت کی اور عدالتی حکم کے باوجود پیش نہ ہونے پر چیف سیکرٹری سندھ سجاد سلیم ہوتیانہ، سیکرٹری لینڈ سندھ آفتاب احمد میمن، ممبر بورڈ آف ریونیو، سیکرٹری سندھ اور ایڈمنسٹریریٹر کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کے قابل ضمانت وارنٹ جاری کر دیئے۔ سپریم کورٹ نے پچھلی سماعت پر توہین عدالت نوٹس پر پیش ہونے کا حکم دیا تھا۔ عدالت نے سماعت مئی کے پہلے ہفتہ تک ملتوی کر دی۔