روہنگیا مسلمانوں پر مظالم رکوانے کیلئے عالمی رائے عامہ ہموار کی جائے ‘ سراج الحق

روہنگیا مسلمانوں پر مظالم رکوانے کیلئے عالمی رائے عامہ ہموار کی جائے ‘ سراج الحق

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے مطالبہ کیاہے کہ وزیراعظم فوری طور پر بنگلہ دیش اور برما کا دورہ کر کے مظلوم روہنگیا مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کو رکوانے کے لیے عالمی رائے عامہ ہموار کریں اور برما کی حکومت کو مسلمانوں کے قتل عام سے روکنے کے لیے چین کے ذریعے اپنا اثر و رسوخ استعمال کریں ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے سینیٹ کے اجلاس کے بعد پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ ہزاروں روہنگیا مسلمانوں کا ظالمانہ قتل عام اور مسلم آبادیوں کو بچوں بوڑھوں اور خواتین سمیت جلانے کے واقعات نے نوبل انعام یافتہ سان سوچی کے چہرے سے نقاب الٹ دیاہے ۔ انہوںنے کہاکہ اگر چین اپنا اثرو رسوخ استعمال کرے تو برما کو ظلم و جبر سے روکا جاسکتاہے ۔ حکومت پاکستان کو چین کے ساتھ اپنے تعلقات کو بروئے کار لاناچاہیے ۔ انہوں نے کہاکہ عالمی برادری خصوصاً مسلم ممالک کو برما کے مسلمانوں کی حالت زار کی طرف توجہ دینی چاہیے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیاکہ پاکستان میں چالیس سال سے دو لاکھ برمی مہاجرین بے وطن شہریوں کی زندگی گزار رہے ہیں ، انہیں مستقل شہریت دی جائے ۔