پشاورہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف سی ای او پیڈو کی اپیل خارج

پشاورہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف سی ای او پیڈو کی اپیل خارج

اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت)سپریم کورٹ آف پاکستان نے خیبرپختونخوا انرجی ڈیویلپمنٹ آرگنائزیشن (پیڈو)کے چیف ایگزیکیٹیوآفیسراکبرایوب کی پشاورہائیکورٹ کے فیصلے کےخلافاپیل کی سماعت کے دوران ہائیکورٹ کے فیصلے کو برقرار رکھتے ہوئے بحالی کی اپیل خارج کردی ہے ،چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں جسٹس عمر عطا بندیال اور جسٹس فیصل عرب پر مشتمل تین رکنی بنچ نے بدھ کے روز اکبرایوب کی اپیل کی سماعت کی تو فاضل چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ اکبر ایوب اس پوسٹ کے اہل نہیں ہیں،اس پوسٹ کی کوالیفیکیشن انجئینرنگ کی ڈگری تھی جبکہ اپیل کنندہ اکبر ایوب نے ایم بی اے کیا ہواہے اور وہ تجربہ کے حوالے سے بھی متعلقہ فیلڈ سے تعلق نہیں رکھتے بعد ازاں فاضل عدالت نے پشاورہائیکورٹ کے فیصلے کو برقرار رکھتے ہوئے اکبرایوب کی اپیل خارج کردی ،یاد رہے کہ رواں سال ماہ جون میں پشاور ہائیکورٹ نے پیڈو کے ایک ملازم کی رٹ پٹیشن کی سماعت کے بعد اکبر ایوب کی تعیناتی کو مقررہ اہلیت نہ رکھنے پرغیر قانونی قراردیا تھا،جس کی روشنی میں صوبائی حکومت نے انہیںبرطرف کردیا تھا،جس کے خلاف انہوںنے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی تھی۔