وزیراعظم کی ذاتی ضمانت پاکستان کو ڈیڑھ ارب ڈالر سعودی عرب نے دیئے ہیں: برطانوی میڈیا

لندن/ اسلام آباد (اے این این)  وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے پاکستان کو ڈیڑھ ارب  ڈالر دینے والے جس ملک کا نام چھپایا تھا برطانوی میڈیا نے اسے ظاہر کر دیا ہے کہ یہ رقم گزشتہ ماہ سعودی عرب نے فراہم کی جس کا مقصد پاکستان کی زر مبادلہ کے ذخائر میں اضافہ، قرضوں کی ادائیگی اور توانائی اور بنیادی ڈھانچے کے منصوبے شروع کرنے میں مدد کرنا ہے۔ برطانوی خبر رساں ادارے کی رپورٹ میں پاکستانی حکام کے حوالے سے کہا گیا کہ سعودی عرب کی جانب سے ڈیڑھ ارب ڈالر کی فراہمی سے پاکستانی روپے کی قدر میں تیزی سے اضافہ ہوا اور ڈالر کی قیمت میں کمی ہوئی۔ ایک سینئر حکومتی عہدیدار نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ سعودی عرب نے یہ رقم وزیراعظم کی ذاتی ضمانت پر فراہم کی تاہم اس عہدیدار نے مزید تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔ ایک دوسرے عہدیدار نے بتایا کہ سعودی عرب کی طرف سے فراہم کی جانے والی یہ رقم پاکستان ڈویلپمنٹ فنڈ کے اکائونٹ میں منتقل کی گئی یہ فنڈ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات جیسے دوست ملکوں سے امداد کے حصول کیلئے قائم کیا گیا ہے۔ عہدیدار نے کہا کہ مجموعی طور پر 3 ارب ڈالر فراہم کرنے کا وعدہ کیا گیا جن میں سے اب تک ڈیڑھ ارب ڈالر فراہم کئے گئے ہیں۔ سعودی عرب کے مرکزی بینک کے گورنر نے اس حوالے سے تبصرہ کرنے سے گریز کیا۔