پاک چین اقتصادی راہداری کا روڈ نیٹ ورک جلد مکمل ہو جائے‘ممنون حسین
اسلام آباد(آئی این پی)صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری کا روڈ نیٹ ورک جلد مکمل ہو جائے جو دنیا کے مختلف خطوں کو باہم ملادے گی۔ گوادر پورٹ پر مستقبل قریب میں بھرپور سرگرمیاں بھی شروع ہو جائیں گی جو اس خطے کی ترقی اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کریں گی۔وہ بدھ کو یہاں پاک چائنہ جوائنٹ چیمبر آف کامرس کے وفد سے ملاقات کے موقع پر بات چیت کر رہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ چینی دوستوں سے ملاقات ہمیشہ باعث مسرت ہوتی ہے ۔انھوں نے کہا کہ دونوں ملک حقیقی اور پرخلوص دوست ہیں ، خطے کی ترقی اور خوشحالی کے ضمن میں ان کے خیالات یکساں ہیں اور وہ دیگر معاملات میں بھی بین الاقوامی فورموں پر ایک دوسرے کے ساتھ بھرپور تعاون کرتے ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان چین دوستی نسل در نسل جاری رہے گی۔ صدر ممنون حسین نے وفد کو آگاہ کیا کہ پاکستان میں چینی باشندوں کی حفاظت کے لیے خصوصی سکیورٹی ڈویژن کام کر رہاہے۔