نیب نے سپیشل پراسیکیوٹر شاہ خاور کا تقرر کر کے قانون کی خلاف ورزی کی: راجہ عامر
اسلام آباد (ٹیرنس جے سگافی، دی نیشن رپورٹ) نیب کے سابق ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل راجہ عامر عباس کا کہنا ہے کہ قومی احتساب بیورو نے شاہ خاور کا بطور سپیشل پراسیکیوٹر تقرر کر کے اپنے ہی قانون کی خلاف ورزی کی ہے۔ دفعہ 8 سی کے تحت ایسی تقرری کا اختیار پراسیکیوٹر جنرل کے پاس ہے۔ چیئرمین نیب کی منظوری کے بعد ایسی تقرری پراسیکیوٹر جنرل ہی کر سکتا ہے اس وقت نیب میں پراسیکیوٹر جنرل ہی نہیں تو چیئرمین نیب یا کوئی اور سپیشل پراسیکیوٹر کا تقرر کیسے کر سکتا ہے۔ نیب نے 5 افراد کی فہرست ارسال کی تھی لیکن ابھی تک پراسیکیوٹر جنرل کی تقرری نہیں ہو سکی۔ سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق کوئی حکومتی ادارہ عدالتوں میں اپنے مقدمات کی پیروی کے لئے پرائیویٹ وکلا کی خدمات نہیں لے سکتی۔ نیب کے پی آر او نوازش علی نے بتایا کہ شاہ خاور کو صرف حدیبیہ کیس کے لئے بھرتی کیا گیا ہے۔ شاہ خاور ہائی کورٹ کے سابق جج اور سپریم کورٹ کے وکیل ہیں وہ ڈپٹی اٹارنی جنرل اور اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل کے عہدے پر بھی کام کر چکے ہیں۔