حامد سعید کاظمی کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع

راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ + مانیٹرنگ نیوز + وقت نیوز) حج سکینڈل کیس میں ملوث سابق وفاقی وزیر مذہبی امور حامد سعید کاظمی کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کر دی گئی ہے۔ اسلام آباد کے سول جج نے حامد سعید کاظمی کے ریمانڈ میں توسیع کا حکم دیا۔ دوسری جانب سپیشل جج سنٹرل محمد فاروق الطاف کی عدالت میں سردار سفیر ایڈووکیٹ نے سید حامد سعید کاظمی کی درخواست ضمانت دائر کر دی جس پر فاضل جج نے ایف آئی اے پراسیکیوشن کو آج کے لئے نوٹس جاری کر دیا۔ حامد سعید کاظمی کو مقامی عدالت میں پیش کیا گیا تھا اور عدالت نے کیس کی سماعت 6 مئی تک ملتوی کر دی۔ حامد سعید کاظمی کا مقدمہ منتقل کرنے کے احکامات سپیشل جج سنٹرل نے جاری کئے تھے‘ پیشی کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے حامد سعید کاظمی نے کہا کہ عدالت کے رحم و کرم پر ہوں۔ آج تک میرے خلاف کوئی ثبوت پیش نہیں کیا جا سکا۔ عمر شیرزئی اور اعظم سواتی جھوٹے ثابت ہو چکے ہیں۔
حامد سعید کاظمی /ریمانڈ