آل پاکستان مسلم لیگ فیڈرل کیپٹل انٹرا پارٹی انتخابات راجہ حماد حسین صدر منتخب
سلام آباد(نمائندہ خصوصی)جمعرات کو آل پاکستان مسلم لیگ کے سینٹرل سیکرٹریٹ میںفیڈرل کیپیٹل کی تنظیم کے انٹرا پارٹی انتخابات کا انعقاد ہوا۔ انتخابی عمل میں راجہ حماد حسین صدر،راجہ جمشید سینیئر نائب صدر، راجہ نصیر اور سید طالب شاہ نائب صدور جبکہ حاجی راجہ مطلوب احمد جنرل سیکرٹری کے عہدے کے لئے منتخب ہوئے۔ تمام عہدیداران بلامقابل منتخب ہوئے ہیں۔ یہ انتخابات پارٹی کے لئے قائم کئے گئے الیکشن کمیشن کے چیئرمین سید فقیر حسین بخاری اور اراکین چوہدری افسر اور سیدہ فردوس کی زیرنگرانی منعقد ہوئے۔ انتخابی عمل میںاے پی ایم ایل فیڈرل کیپیٹل کے 150کونسل اراکین نے رائے دی۔
اس موقع پر پارٹی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجد بھی موجود تھے۔سید فقیر حسین بخاری نے نئے منتخب ہونے والے عہدیداران کے ناموں کا اعلان کیا۔ نومنتخب عہدیداران اور کونسل اراکین سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد امجد نے نئے عہدیداران کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آل پاکستان مسلم لیگ سید پرویز مشرف کی قیادت میں ایک بہترین جمہوری جماعت کے طور پر ابھررہی ہے۔ ہم پنجاب، سندھ،بلوچستان، امریکہ، کینیڈا،برطانیہ اور متحدہ عرب امارات میں انٹرا پارٹی انتخابات کروا چکے ہیں جبکہ خیبر پختونخواہ کے انتخابات جمعہ کو منعقد ہوں گے۔ انہوں نے کونسل اراکین اور نئے عہدیداران کو ہدایت کی کہ جلد از جلد پارٹی کو منظم کریں۔راجہ حماد حسین نے کونسل اراکین کے اعتماد پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ پارٹی کو یونین کونسل کی سطح تک منظم کرنے میں اپنا بھرپور کرداراداکریں گے۔ انہوں نے کہا کہ 2018کے عام انتخابات میں اے پی ایم ایل ایک بڑی جماعت کے طور پر ابھرے گی۔ حاجی راجہ مطلوب احمد نے کہا کہ ہم فیڈرل کیپیٹل کی تنظیم کو ایک مثالی تنظیم بنائیں گے ۔ہمارے قائد سید پرویز مشرف اور ڈاکٹر محمد امجد ہماری تنظیم پر فخر کریں گے۔