این بی ایف میںپُرتگال کا ”کیموس کارنر“ علمی و ادبی پُل کی حیثیت رکھتا ہے، عامر حسن

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) پُرتگال ایک خوبصورت، خوش حال ، پُر امن اور قلم و کتاب سے محبت کرنے والے لوگوں کا ملک ہے۔ پُرتگال کے عظیم شاعر لوئس واز ڈی کیموس کے نام پر نیشنل بُک فاﺅنڈیشن میں بنایا گیا ”کیموس کارنر“ دونوں دوست ملکوں میں علمی و ادبی اور ثقافتی پُل کی حیثیت رکھتاہے۔ یہ باتیں وفاقی سیکرٹری قومی تاریخ اوبی ورثہ ڈویژن انجینئر عامر حسن نے نیشنل بُک فاﺅنڈیشن میں” کیموس کارنر“ کی افتتاحی تقریب کے شرکاءسے مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کیموس وہ شاعر ہے جس کا تقابل، شیکسپیئر، دانتے، ورجل، ہومرجیسے بڑے شعرا اورفلسفیوںکے ساتھ کیا جاتا ہے۔مہمانِ اعزاز اور پُرتگال کے سفارتخانے کے ناظم الامور پالو سبیدو کوسٹا نے اس موقع پر نیشنل بُک فاﺅنڈیشن میں قائم کیے گئے پُرتگالی شاعر کے نام پر ”کیموس کارنر“ کو باہمی اخوت، دوستی اور ادبی و ثقافتی تعلق کی علامت قرار دیتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا۔ نیشنل بُک فاﺅنڈیشن کے مینیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر انعام الحق جاوید نے ابتدائی کلمات ادا کرتے ہوئے تقریب کے مہمانِ خصوصی انجینئر عامر حسن اور مہمانِ اعزاز پالو سبید کوسٹا کی تشریف آوری پر اُن کا خیر مقدم کیا اور شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اجمال کے ساتھ نیشنل بُک فاﺅنڈیشن میں گزشتہ برسوں میں ہونے والی تیز رفتار ترقی، اشاعت ِ کتب کے معیار و مقدار اور فروغِ کتب بینی کے لیے متعدد اسکیموں کا حوالہ دیا اور کہا کہ پُرتگال کے قومی شاعر کے نام پر این بی ایف میں موجود یہ کارنر ایک یاد گار کی حیثیت رکھتا ہے جہاں پُرتگال کے نام اورمصنفین کی کتب رکھی گئی ہیں۔