ہائر ایجوکیشن کمیشن اور چینی کمپنی کے درمیان سکالر شپس کا معاہدہ

اسلام آباد(نامہ نگار)ہائر ایجوکیشن کمیشن اور چائنہ روڈ اینڈ برج کارپوریشن کے مابین ٹرانسپورٹیشن انجینئرنگ کے اسکالرشپس کا معاہدہ ہو گیا ہے۔ہائر ایجوکیشن کمیشن، پاکستان کے سیکرٹریٹ میں ہائر ایجوکیشن کمیشن، پاکستان اور چینی حکومت کے سرکاری ادارے، چائنہ روڈ اینڈ برج کارپوریشن کے مابین ایک معاہدہ پر دستخط کرنے کی تقریب منعقد ہوئی ۔ اس تقریب کے دوران دونوں اداروں کا اس بات پر اتفاق رائے ہوا کہ چائنہ روڈ اینڈ برج کارپوریشن30پاکستانی طلبہ کو دو سال کے لیے ٹرانسپورٹیشن انجیئنرنگ میں ساو¿تھ ایسٹ یونیورسٹی چائنہ سے ماسٹر ڈگری کروائے گی۔مزید براں اسکالرشپ حاصل کرنے والے طلبہ کے تعلیمی اخراجات، رہائش، خوراک، کتب سمیت آمد و رفت کے لیے ہوائی جہاز کے ٹکٹ بھی چائنہ روڈ اینڈ برج کارپوریشن ادا کرے گی۔ یہ اسکالرشپ سکیم حکومت پاکستان کے اس وژن کی عکاسی کرتا ہے جس میں چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور کے ذریعے ترقی کو یقینی بنانے، علاقائی تعلقات میں عوام کے عوام سے رابطے کے ذریعے تعلیمی، معاشی اور کلچرل تعلقات میں فروغ کو یقینی بنانا ہے۔ اس اسکالرشپ سکیم کے پہلے بیچ میں 14طلبہ کا انتخاب ہائر ایجوکیشن کمیشن، چائنہ روڈ اینڈ برج کارپوریشن اور ساو¿تھ ایسٹ یونیورسٹی چائنہ نے جانچ پڑتال کے بعد میرٹ کی بنیاد پر کیا ہے ، جو کہ اکتوبر 2017میں ٹرانسپورٹیشن انجینئرنگ میں ماسٹر ڈگری کرنے کے لیے چائنہ روانہ ہوں گے۔ اس پروگرام کے ذریعے منتخب شدہ طلبہ کو چائنہ کے بہترین تعلیمی ادارے سے انجینئرنگ کے شعبے میں اعلی تعلیم حاصل کرنے کا موقع ملے گا۔