رضا کارانہ خدمات انجام دینے والے استاد محمد ایوب کی سی ڈی اے ماڈل سکول میں بطور مہمان خصوصی شرکت

اسلام آباد(وقائع نگار) تعلیم کے میدان میں عظیم رضا کارانہ خدمات انجام دینے والے استاد محمد ایوب نے سی ڈی اے ماڈل سکول میں منعقدہ بین الاقوامی یوم استاد کے موقع پر بطورِ مہمان خصوصی شرکت کی ۔ سی ڈی اے ماڈل سکول کی پرنسپل نے بین الاقوامی یوم استاد کے موقع پر رضاکارانہ طور پر ضرورت مند بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے والے استاد محمد ایوب کو مہمان خصوسی کے طور پر دعوت دی۔ بین الاقوامی یوم استاد کے موقع پر محمد ایوب کی خدمات کو سراہنے اور ان کی خدمات اور تجربات سے استفادہ کے لیے سکول کی پرنسپل نے سی ڈی اے کے ممبر ایڈمنسٹریشن محمد یاسر پیر زادہ کی ہدایت پر ماسٹر محمد ایوب کو مدعو کیا تاکہ بہتر معاشرے کے قیام کے لیے ان خدمات کو فروغ حاصل ہو سکے۔ رضاکارانہ تعلیمی خدمات پیش کرنے والے استاد محمد ایوب سی ڈی اے ماڈل سکول میں اپنے تجربات اور بہترین تعلیمی خدمات کے لیے سکول کے سٹاف اور بچوں سے اپنے تجربات اور تعلیمی مہارت سے آگاہ کریں گے تاکہ اس سے استفادہ کیا جا سکے۔ اس موقع پر ماسٹر محمد ایوب نے اچھی کارکردگی کے حامل طلباءمیں انعامات بھی تقسیم کیے۔ انہوں نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کے دوران بہتر کارکردگی کے حامل طلباءکو کہا کہ انکو مزید محنت کی ضرورت ہے تاکہ وہ اپنی بہترین کارکردگی کے ذریعے اپنے لیے اور ملک کے لیے باعث فخر ہو سکیں۔