وفاق کی طرح پنجاب کے اساتذہ کا ہاﺅس رینٹ بھی بڑھایا جائے،شفیق بھلوالیہ
راولپنڈی (نیوزرپورٹر) پنجاب( ایس ای ایس )ٹیچرز ایسوسی ایشن راولپنڈی کے ضلعی صدر شفیق بھلوالیہ نے مطالبہ کیا ہے کہ وفاق کی طرح پنجاب کے اساتذہ کا ہاﺅس رینٹ بھی بڑھایا جائے ۔ایک بیان میں انہوںنے کہا کہ وفاقی اداروں میںکام کرنے والے ملازمین کیا کوئی آسمانی مخلوق ہیں کہ ان کی ہاﺅس رینٹ سیلنگ میں 40 فیصد اضافہ کی منظوری دی جائے اور پنجاب کے اساتذہ کو نظر انداز کر دیا جائے۔ اسلام آباد کے اندر گریڈ ایک میںکام کرنے والے ملازم کو 8641 روپے ہاﺅس رینٹ سیلنگ کی مد میں دیا جاتا ہے جبکہ اس کے برعکس راولپنڈی ، لاہور ، سرگودھا ، فیصل آباد اور پنجاب کے دیگر بڑے شہروں میں گریڈ 16 کے اساتذہ و سرکاری ملازمین کو ماہانہ ہاﺅس رینٹ محض 2727 روپے دیا جاتا ہے جو ایک سنگین مذاق ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ پنجاب کے اساتذہ کا ہاﺅس رینٹ جو 2008 ءسے سیز ہے اس میں 100 فیصد اضافہ کیا جائے۔