حکومت شہریوں کے مسائل حل کرنے کےلئے دن رات کوشاں ہے، تنویر اسلم سیٹھی

راولپنڈی(اپنے سٹاف رپورٹر سے)صوبائی وزیر کمیونیکیشن اینڈ ہاﺅسنگ پنجاب تنویر اسلم سیٹھی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت شہریوں کے مسائل حل کرنے کے لیئے دن رات کوشاں ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب صو بہ بھر میں انفرااسٹرکچر کو بہترین،مضبوط اور پائیدار بنانے کے ساتھ جدید دور کے تقاضوں اور ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنے کے لئے بین الاقوامی سطح کی شہرت یافتہ کمپنیوں کے ساتھ ملکر کام کر رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ویثرن 2025 کے مطابق ملک میں ملٹی نیشنل کمپنیوں کے تعاون سے کئی نئے پراجیکٹس پرتیزی سے کام جاری ہے جو ملک کی ترقی میں اہم پیش رفت ثابت ہو گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیئرنگ کراس ،پشاور روڈ راولپنڈی میں شیل سائٹ پر ایکو سسٹم کے افتتاح کے موقع پر اپنے خطاب کے دوران کیا۔ وفاقی وزیر شیخ آفتاب، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی ملک ابرار، طاہرہ اورنگزیب،چوہدری شیر علی، راجہ حنیف ایڈووکیٹ ،میئر راولپنڈی سردار نسیم خان ،ملک افتخار ، ایم ڈی شیل جواد چیمہ کے علاوہ مسلم لیگی ارکان اور معززین علاقہ کی بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھی۔صوبائی وزیر چوہدری شیر علی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کا معیار زندگی بلند کرنے اور انہیں بہترسے بہتر سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شیل کمپنی قیام پاکستان سے پہلے بھی اس علاقے میں خدمات فراہم کر رہی ہے جبکہ گزشتہ بیس سال سے شیل کے ساتھ پارٹنر شپ چل رہی ہے جس کا اہم مقصد مارکیٹ کی ڈیمانڈ کو مدنظر رکھتے ہوئے ایسا انتظام کرنا جس سے عوام کو 24گھنٹے تمام ممکنہ سہولیات میسر کی جا سکیں۔انہوں نے کہا کہ نئی تبدیلیوں اور نئے وژن کے ساتھ شیل لوگوں بہترین سہولیات کی فراہمی میں پیش پیش ہے۔انہوںنے کہا کہ شیل کے اس قائم ہونے والے جدید ایکو سسٹم کے تحت ایک شخص کو جو بھی ضروریات پیش ہوںگی انہیں فوری پورا کیا جا سکے گا۔بعد ازاں تنویر اسلم سیٹھی نے وفاقی وزیرشیخ آفتاب اور دیگر صوبائی وزراءکے ہمراہ شیل سائٹ کے جدید ایکو سسٹم کا باقاعدہ افتتاح کیا۔