پارٹی کی صفوںمیں اتحاد و یکجہتی کا فروغ میری اوّلین ترجیح ہے، سلیم حیدر

راولپنڈی (نیوزرپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی راولپنڈی ڈویژن کے صدر ،سابق وزیر مملکت برائے دفاع سلیم حید ر خان نے کہا ہے کہ پارٹی کی صفوںمیں اتحاد و یکجہتی کا فروغ میری اوّلین ترجیح ہے۔ دھڑے بندیوں اور گروہ بندیوں کا خاتمہ کر کے راولپنڈی ڈویژن میں پارٹی کوایک بار پھرسے عظیم عوامی طاقت بناﺅں گا۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے پارٹی ارکان کے مابین رنجشوں ، تلخیوں اور غلط فہمیوں کا ازالہ کرنے کے حوالے سے منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سابق ڈپٹی سیکرٹری پبلک ریلیشنز پی پی پی پنجاب حاجی گلزار اعوان، مظہر حسین بابر، افتخار چوہدری، جمیل قریشی، ایاز پپو، راجہ عرفان حیدر ایڈووکیٹ، سردار قدوس، ملک ایوب، راجہ محمد علی منہاس، چوہدری فرخ اسماعیل، سید حسن شاہ سمیت دیگر پارٹی ارکان و عہدیداران نے شرکت کی۔سردار سلیم حیدر خان عہدیداران و کارکنان پر زور دیا کہ وہ اپنی اپنی ذات کی بجائے پارٹی کاز کو آگے بڑھائےں اور ہر سطح پر گروہ بندی و دھڑے بندی کے خلاف بھرپور جدوجہد کرتے ہوئے پارٹی کی صفوں میں اتحاد و یکجہتی پیدا کر کے اسے عوام دشمن قوتوں کیلئے سیسہ پلائی ہوئی دیوار بنا دیں۔ اُنہوں نے کہا کہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کو درپیش چیلنجوں سے نبرد آزما ہونے کیلئے تاریخ نے ایک بار پھر پاکستان پیپلز پارٹی کے کاندھوں پر بھاری ذمہ داری عائد کردی ہے۔ اس ذمہ داری سے عہدہ برآ ہونے کیلئے پاکستان پیپلز پارٹی کو اپنی صفوں میں نظم و ضبط اور اتحاد و بھائی چارے کی فضا کو فروغ دینا ہو گا۔ اجلاس کے آخر میں پارٹی کی صفوں میں اتحاد و اتفاق کیلئے خصوصی دُعا کی گئی۔