نااہل ہوا تو پارٹی سربراہی ،سیاست چھوڑدون گا: عمران
اسلام آباد(آئی این پی+اے این این) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے شریف خاندان کو لوٹی دولت کا برطانیہ میں بھی جواب دینا ہوگا، شریف خاندان کے لیے لوٹ مار کی دولت بچانا آسان نہیں ،برطانیہ میں کریمنل فنانس ایکٹ 2017 نافذ ہوچکا۔ جمعرات کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر عمران خان نے اپنے ٹویٹ میں شریف خاندا ن کو پیغام میں کہا کہ شریف خاندان کو لوٹی دولت کا برطانیہ میں بھی جواب دینا ہوگا۔ برطانیہ میں کریمنل فنانس ایکٹ 2017 نافذ ہوچکا ہے۔ شریف فیملی کے لیے لوٹ مار کی دولت بچانا آسان نہیں۔ شریف خاندان کو لوٹ کھسوٹ کا حساب برطانوی حکام کو بھی دینا ہوگا۔ پاکستان سے بھاگ کر برطانیہ گئے وہاں بھی پکڑے جائیں گے۔ اے این این کے مطابق نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا مجھے الیکشن کمیشن اور سپریم کورٹ سے نا اہل کرانا چاہتے ہیں ، مجھے نا اہل کیا گیا تو میں ان کی طرح کیوں نکالا کا ڈھونڈرا نہیں پیٹوں گا بلکہ میں پارٹی سربراہی اور سیاست ہی چھوڑ دوں گامگر نا اہل ہونے کے باوجود کرپٹ مافیا کا پیچھا کسی بھی صورت میں نہیں چھوڑوں گا۔ الیکشن کمیشن صرف شفاف انتخابات کے لئے بنتا ہے، آصف زرداری اور نواز شریف دونوں کرپشن کے بادشاہ ہیں، یہ اپنے اقتدار کے لئے مجھے سپریم کورٹ اور الیکشن کمیشن سے نا اہل کرانا چاہتے ہیں، حکومت مجھے گرفتار کرنا چاہتی ہے تو اپنا یہ شوق بھی پورا کرلے ، میں نا اہل ہونے کے باوجود ان کا پیچھا نہیں چھوڑوں گا۔