مدارس کے طلبہ کو ملکی تعلیمی نظام میں شامل کرنے سے متعلق مشاورتی اجلاس
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)مدرسہ اصلاحات اور مدارس کے طلبہ کو ملکی تعلیمی نظام میں شامل کرنے کے موضوع پر بات چیت کیلئے قومی سلامتی کے مشیر لیفٹننٹ جنرل(ر) ناصر خان جنجوعہ نے وفاق المدارس اور اتحاد تنظیمات مدارس کے اکابرین کو مشاورت کیلئے جمعرات کے روز وفاقی دارلحکومت میں مدعو کیا۔ سرکاری بیان کے مطابق مفتی منیب الرحمٰن، قاری حنیف جالندھری، محمد یاسین ظفر،مولانا عبدالمالک،مولانا نیاز حسین نقوی، وفاقی وزیر برائے تعلیم بلیغ الرحمٰن اور مختلف محکموں کے حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔مشیر سلامتی نے مدارس کے طلبہ کو ملکی تعلیمی نظام میں کھپانے کے ذریعہ ملک کا مفید شہری بننے اور ہر پیشہ کیلئے انہیں کارآمد بنانے کی کوششوں کے بارے میں بریفنگ دی۔اس موقع پر مدارس کی اپ گریڈیشن، نصاب سمیت تمام متعلقہ موضوعات پر تبادلہ خیالات کیا گیا۔ناصر جنجوعہ نے کہا کہ حکومت مدارس کے طلبا کو قومی دھارے میں لانا چاہتی ہے جس کے لیے مدارس میں لازمی مضامین کے ساتھ ساتھ گریجویشن تک تعلیم کا ایک منصوبہ بنایا جارہا ہے ۔