اسحاق ڈار کی احتساب عدالت میں 8 گھنٹےطویل پیشی‘ تسبیح پڑھتے رہے

اسلام آباد(چوہدری شاہد اجمل)وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی اسلام آباد کی احتساب عدالت میں 8گھنٹے اور 9 منٹ کی طویل پیشی ہوئی۔احتساب عدالت میں شریف خاندان اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے کیسوںکی یہ اب تک کی طویل ترین سماعت ہے۔اسحا ق ڈار پونے آٹھ بجے احتساب عدالت پہنچے اور سماعت کا اختتام 3بجکر 54منٹ پر ہوا اس دوران وزیر خزانہ عدالت کے اندر ہی موجود رہے ۔سماعت کے دوران اسحاق ڈار عدالت میں خاموش بیٹھے تسبیح پر ورد کرتے رہے۔ڈیڑھ بجے نماز کو وقفہ ہوا تو اسحاق ڈار نے عدالت میں ہی نماز ظہر ادا کی۔ سماعت کے دوران دو مرتبہ وقفہ ہوا ۔سماعت کے دوران عدالت میں موجود وزراءطارق فضل چوہدری ،انوشہ رحمان اور دانیال عزیز بار بار اٹھ کر وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی قریبی نشست پر بیٹھ کر ان سے گفتگو کرتے رہے۔عدالت میں سماعت کے موقع پر وزرا مملکت طارق فضل چوہدری ،انوشہ رحمان اور دانیال عزیز سمیت بیرسٹر ظفراللہ بھی موجود تھے۔عدالت میں چار بینک اکاﺅنٹس کی تفصیلات پیش کی گئیں،آئندہ سماعت پر طلب کیے گئے گواہ مسعود الغنی بی اے ایف ایل گلبرگ لاہور کے منیجر آپریشنز ہیں۔اس مقدمے میں استغاثہ کے کل28گواہ پیش ہو ں گے ۔ان میں لینڈ ریونیو زون فائیوکارپوریٹ ریجنل ٹیکس آفس لاہور،کیبنٹ ڈویژن اسلام آباد،الیکشن کمیشن آف پاکستان،وفاقی وزارت تجارت،قومی اسمبلی سیکرٹریٹ،ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ،موٹر رجسٹریشن اتھارٹی لاہور،البرکہ بینک گلبرگ لاہور،نیشنل انویسٹمنٹ ٹرسٹ،الائیڈ بینک لمیٹیڈ پارلیمنٹ ہاﺅ س اسلام آباد،ایچ ایم بی ایل ایڈگرٹن برانچ لاہور،حبیب بینک کیو بلاک اسلام آباد،بی اے ایف ایل گلبرگ لاہور،لاہور ڈیویلپمنٹ اتھارٹی،ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفس ماڈل ٹاﺅن لاہور،اسسٹنٹ کمشنر آفس تحصیل رائے ونڈ،لاہور،نادرا ہیڈ آفس اسلام آباد،الفلاح کواپریٹیو ہاﺅسنگ سوسائٹی لاہور،انڈسٹریریز ،پرائس،ویٹ اینڈ مژیرز ڈیپارٹمنٹ پنجاب،فیڈرل انویسٹیگیشن ایجنسی (ایف آئی اے)اسلام آباد،قومی احتساب بیوروہیڈ کوارٹر اسلام آباد،بینک الفلاح گلبرگ لاہور ، نیب لاہورکے8گواہان سمیت مجموعی طور پر 28گوہوں کو پیش کیا جائے گا۔