لاہور ہائیکورٹ کے 14میں سے 7ایڈیشنل ججوں کی مدت ملازمین میں ایک سال توسیع کی سفارش
اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت)سپریم کورٹ میں چیف جسٹس مےاں ثاقب نثار کی سربراہی میں جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں لاہور ہائی کورٹ کے 14ایڈیشنل ججز میں سے 7 ججز کی مدت ملازمت میں ایک سال کی توسیع کی سفارش کردی گئی ہے ۔جن 7ناموں کی منظوری دی گئی ان میںجسٹس مجاہد مقیم احمد، جسٹس طارق افتخار احمد، جسٹس اسجد جاوید، جسٹس طارق سلیم، جسٹس جواد حسن، جسٹس عبدالعزیز اور جسٹس مزمل اختر بشیر شامل ہیں ، ان کی مدت ملازمت میں ایک سال کی توسیع کردی گئی ہے۔جوڈیشل کمیشن نے عبدالستار، حبیب اللہ عامر، احمد رضا گیلانی، مدثر خالد عباسی، عبدالرحمان اورنگزیب اور شبیر پراچہ، آغا محمد علی کے7 نام ڈراپ کردیئے، مسترد کیئے جانے والے اب لاہور ہائی کورٹ کے ججز نہیں رہے ہیں۔یہ سات نام ججز تقرری کی پارلیمانی کمیٹی کو بھجوا دیئے گئے ہیں جس کی منظوری کے بعد حتمی منظوری کے لیئے وزارت قانون کے توسط سے صدر پاکستان کو بھجوائے جائیں گے۔ اجلاس میں چیف جسٹس آف پاکستان مےاں ثاقب نثار ، سپریم کورٹ کے چار سنیئر ججز جسٹس آصف سعید خان کھوسہ، جسٹس اعجاز افضل خان، جسٹس گلزار احمد، چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ منظور علی شاہ اور ایک سنیئر جج ،اٹارنی جنرل فار پاکستان اشتر اوصاف علی ، پاکستان بار کونسل کے نمائندے یوسف لغاری، وفاقی وزیر قانون زاہد حامد، صوبائی وزیر قانون پنجاب رانا ثنا ءاللہ شامل تھے۔