پاکستان سٹیل ملز قومی اثاثہ‘ حقوق ملازمین کا تحفظ کیا جائے: قائمہ کمیٹی صنعت و پیداوار
اسلام آباد (این این آئی) سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے صنعت و پیدوار کا اجلاس چیئرمین کمیٹی سینیٹر ہدایت اللہ کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا۔ جس میں پاکستان سٹیل ملز کے ریٹائرڈ ملازمین کو تنخواہوں ، پروویڈنٹ فنڈ اور پنشن وغیر ہ کی عدم ادائیگی کا معاملہ تفصیلاً زیر غور آیا۔ کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر ہدایت اللہ نے کہا کہ یہ معاملہ انتہائی اہم ہے غریب اور بے بس ملازمین جو کہ اپنی مدت ملازمت پوری کر چکے ہیں لیکن اپنے حق سے محروم ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان سٹیل ملز ایک اہم قومی اثاثہ ہے اور اس کے ملازمین کے حقوق کا تحفظ ہر قیمت پر کیا جائے گا۔ سینیٹر تاج حیدر نے کہا کہ حکومت نہیں چاہتی کہ پاکستان سٹیل ملز چلے۔ سینیٹر اورنگزیب نے یہ بات زور دے کر کہی کہ پاکستان سیٹل ملز کے ملازمین کا استحصال بند کیاجائے اس سے ادارے اور ملک کی بدنامی ہو رہی ہے۔کمیٹی نے یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کے حوالے سے کمیٹی کی سفارشات کا جائزہ بھی لیا۔