12اکتوبر کے واقعہ کے مشرف ذمہ دار نہیں، نواز شریف اداروں کو غلام سمجھتے ہیں: ڈاکٹر امجد

اسلام آباد( صباح نیوز)آل پاکستان مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمدامجد نے کہا ہے کہ12اکتوبر کو رونما ہونے والے واقعہ کی ذمہ داری پرویز مشرف پر نہیں ڈالی جاسکتی، اس وقت کے حکمران حالات کو اس نہج پر لے آئے تھے کہ جو کوئی ہوتا، ایسا ہی کرتا۔ مشرف نے نواز شریف حکومت کی ہر ممکن مددکی مگر نواز شریف چاہتے تھے کہ ان کا طیارہ ہوا میں ہی تباہ ہوجائے۔ نواز شریف اور ان کے حواری ایک مرتبہ پھر وہی حالات پیدا کررہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز اے پی ایم ایل کے مرکزی دفتر میں آئے پارٹی راہنماؤں سے گفتگو میں کیا۔ نواز شریف اور ان کے حواری اداروں کو اپنا غلام سمجھتے ہیں اور توقع کرتے ہیں کہ ادارے ان کے ذاتی مفادات کا تحفظ کریں مگر جب ان کی توقعات پوری نہیں ہوتیں تو قومی مفاد کو بالائے طاق رکھتے ہوئے توپوں کا رخ ان کی طرف کر دیتے ہیں۔