حکومت مدارس کے طلباء کو قومی دھارے میں لانا چاہتی ہے:ناصر جنجوعہ

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل (ر)ناصر جنجوعہ نے کہا ہے کہ مدارس کے طلبا کو عصری تعلیم و تربیت کے ذریعے قومی دھارے میں لانے کی حکمت عملی مرتب کر رہے ہیں جس کے لیے تمام مکاتب فکر کے علما کرام اور مدارس کے پانچوں وفاق کی قیادت سے مشاورت کا عمل جاری ہے۔ناصر جنجوعہ اسلام آباد میں اصلاحات سے متعلق اجلاس سے خطاب کر رہے تھے جہاں وفاقی وزیر برائے پیشہ وارانہ تربیت بلیغ الرحمان، اتحاد تنظیم المدارس کے سربراہ مفتی منیب الرحمن، وفاق المدارس کے حنیف جالندھری، محمد یاسین ظفر، مولانا عبدالمالک، مولانا نیاز حسین نقوی کے علاوہ وزارت مذہبی امور اور وزارت تعلیم کے اعلی حکام بھی موجود تھے۔ناصر جنجوعہ نے کہا کہ حکومت مدارس کے طلبا کو قومی دھارے میں لانا چاہتی ہے جس کے لیے مدارس میں لازمی مضامین کے ساتھ ساتھ گریجوایشن تک تعلیم کا ایک منصوبہ بنایا جارہا ہے۔ مدرسہ اصلاحات سے متعلق جائزہ اجلاس میں مدرسہ نصاب، امتحانی نظام اور مستقبل میں مدارس کی اپ گریڈیشن پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکاء نے مدارس کے طلباء کو بیشتر مواقعوں کی فراہمی میں پیش رفت کو سراہا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ناصر خان جنجوعہ نے کہا کہ مدارس طلباء تعلیمی نظام میں شامل ہونے سے مفید شہری بن سکتے ہیں۔اجلاس کا مقصد مدارس طلباء کو پاکستان کے تعلیمی نظام میں شامل کرنا ہے۔