عمران خان کی فراہم کردہ دستاویزات غیرمصدقہ ہیں‘ مسترد کی جائیں‘ حنیف عباسی
اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت)سپریم کورٹ میں زیر سماعت نااہلی کیس میں درخواست گزارمسلم لیگ (ن )کے راہنما حنیف عباسی نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے فراہم کردہ دستاویزات کو غیر مصدقہ قرار دینے کے لیے متفرق درخواست دائر کردی۔جمعرات کو دائر درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عمران خان کی جانب سے جمع کرائی گئیں دستاویزات ،اثاثوں سے منسلک بینک ٹرانزیکشن اور آف شور کمپنی نیازی سروسز لمیٹڈ کی تفصیلات غیر تصدیق شدہ اورتاخیر سے جمع ہونے کے باعث مسترد کیا جائے ،پٹیشنر کا کہنا ہے کہ مزید دستاویزات جمع کرانے کے باعث کیس کے فیصلے کے لیے طویل وقت درکار ہوگا۔گذشتہ ہفتے پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے سپریم کورٹ میں ان کی نااہلی کے لیے دائرکی گئی درخواست کے حوالے سے نیازی سروسز لمیٹڈ کے اکائونٹ سے جمائما کو ادا کیے گئے 5 لاکھ 62 ہزار پائونڈ کی دستاویزات جمع کروادی تھیں۔