کشمیر کی صورتحال پر تشویش: پاکستان‘ بھارت مذاکرات سے مسائل حل کریں: یورپی یونین

اسلام آباد‘سرینگر(ایجنسیاں) یورپی یونین نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے مذاکرات کریں ‘انہوں نے کہاکہ مسائل صرف مذاکرات سے ہی حل ہوسکتے ہیں۔مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں شہری ہلاکتیں اور خواتین کے بال کاٹنے کا سلسلہ ایک ساتھ جاری ہے جبکہ عوام سراپا احتجاج ہیں ،بھارتی فورسز کے ساتھ جھڑپوں میں بیسیوں افراد زخمی ہوگئے ۔حاجن میں شہید ہونے والے تین نوجوان احتجاج کے سائے میں سپرد خاک،وادی میں کشیدگی عروج پر،کاروباری مراکز اور تعلیمی ادارے بند،موبائل اور انٹرنیٹ سروس معطل،سادہ لباس فوجیوں نے مزید 3خواتین کے بال کاٹ ڈالے،مزاحمتی قیادت کی اپیل پر وادی میں ہمہ گیر ہڑتال اوراحتجاج کا اعلان۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی فوج نے بے گناہ شہریوں کو شہید کرنے کے ساتھ ساتھ خواتین کی تذلیل کیلئے چوٹیاں کاٹنے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے جس کے خلاف وادی کے عوام سراپا احتجاج ہیں ۔گزشتہ روز ضلع بانڈی پورہ کے علاقے حاجن کے نواحی علاقے پری بل رکھ میں بھارتی فوج نے تین نوجوانوں کو مجاہد قرار دے کر شہید کر دیا تھا۔ جنھیں ہزاروں سوگواران کی موجودگی میں اسلام و آزادی کے نعروں کی گونج کے بیچ سپرد خاک کیا گیا۔اس موقع پر یکھتے ہی دیکھتے ہزاروں لوگ جمع ہوئے اور انہوں نے نعرے بازی شروع کی۔ شہداء کی تدفین کے بعد لوگوں نے زبردست احتجاج کیا اور قابض فورسز پر پتھراؤ کیا جس کے جواب میں قابض فورسز نے نہ صرف آنسو گیس اور لاٹھی چارج کیا بلکہ لوگوں کو منتشر کرنے کیلئے فائرنگ بھی کی جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں ۔حاجن کے کئی مقامات پر نوجوان سڑکوں پر نکل آئے اور انہوں نے جلوس نکال کر آزادی کے حق میں نعرے بازی کی۔ کل جماعتی حریت کانفرنس(گ) کے چیئرمین سیدعلی گیلانی کوایک نجی ہسپتال میں داخل کیاگیا ہے۔گیلانی نے گزشتہ روز گھٹنوں میں شدیددرد محسوس کیا جس کے بعدایک ڈاکٹرنے گھر میں گیلانی کاطبی معائنہ کیا۔ڈاکٹر کے مشورے کے بعد انہیں مزیدطبی جانچ کیلئے ہسپتال داخل کیاگیا۔ادھر 6روز تک اسپتال میں زیرعلاج رہنے کے بعدنعیم احمدخان کودین دیال ہسپتال دہلی سے واپس تہاڑجیل منتقل کیاگیا۔ دختران ملت نے تنظیم کی سربراہ آسیہ اندرابی کو طبی سہولیات سے محروم رکھنے پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔ ادھر جنگجوانہ سرگرمیوں میں ملوث ترال کے عمر قید پانے والے 45سالہ شہری نے پیرول پر گھر آنے کے بعدجنگجوئوں میں شمولیت اختیار کی ہے۔ پولیس نے مذکورہ شخص کے تین قریبی رشتہ داروں کو گرفتار کیا ہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے دونوں دھڑوں ،دختران ملت،مسلم لیگ،تحریک مزاحمت اور پیپلز فریڈم لیگ نے شوپیان اور حاجن میں شہید ہونیوالے جنگجوئوں کو خراج عقیدت پیش کرتے کہا کہ کشمیری عوام اپنے جائز حق کیلئے مال و جان کی جو قربانیاں پیش کررہے ہیں وہ رواں تحریک آزادی کا بیش قیمت اثاثہ ہے ۔ترجمان نے کہا کہ ان قربانیوں کی بدولت مسئلہ کشمیر کی حساسیت کو پوری دنیا میں تسلیم کیا جارہا ہے اور اس مسئلہ کے منصفانہ حل کو اس پورے خطے کے دائمی امن اور استحکام کیلئے ناگزیر سمجھا جارہا ہے۔جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے 7 رہنماوں کو سنٹرل جیل سری نگر سے رہائی کے فورا بعد دوبارہ گرفتار کر لیا گیا ہے ان رہنماوں میںجموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے زونل جنرل سیکرٹری شیخ عبدالرشید، زونل آرگنائزر بشیر احمد کشمیری ، محمد عظیم زرگر، بشارت احمد بٹ،نذیر احمد پلوامہ،معراج الدین سوٹینگ،اور امتیاز احمد شاہ شامل ہیں ۔ مشترکہ آزادی پسند قیادت نے کشمیر میں خواتین کیخلاف مجرمانہ حملوں اور کے سنگین واقعات کے پیش نظر 14 اکتوبر کو ٹی آر سی چلو کے جلسہ عام کو فی الحال موخر کئے جانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسا لگ رہا ہے کہ یہ سب کچھ ایک سوچے سمجھے منصوبے کی ایک کڑی ہے ۔ کشمیری خواتین کی تنظیم دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی بھارت کی سرکردہ خواتین اندرا گاندھی،کرن بیدی،لتا منگیشکر،محبوبہ مفتی کی صف میں شامل ہو گئی ہیں۔سرکاری طور پر جاری ہونے والے ایک اشتہار میں اندرا گاندھی،کرن بیدی،لتا منگیشکر،محبوبہ مفتی کے ساتھ آسیہ اندرابی کی تصویر بھی لگائی گئی ہے۔یہ اشتہار بھارتی وزیراعظم نریندری مودی کی طرف سے بیٹی بچائو منصوبہ کی اشتہاری مہم کا حصہ ہے۔