چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت اجلاس: تین اداروں نے 50 کروڑ بیلٹ پیپر بروقت چھاپنے سے معذرت کر لی: قائم مقام سیکرٹری الیکشن کمیشن

چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت اجلاس: تین اداروں نے 50 کروڑ بیلٹ پیپر بروقت چھاپنے سے معذرت کر لی: قائم مقام سیکرٹری الیکشن کمیشن

اسلام آباد (آن لائن + نوائے وقت نیوز) چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار رضا خان کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔ اجلاس میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے اجلاس میں بیلٹ پیپروں کی چھپائی کا ایجنڈا زیر غور آیا۔ اجلاس میں پاکستان پرنٹنگ کارپوریشن کے حکام نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کے بعد قائم مقام سیکرٹری الیکشن کمشن سید شیر افگن نے صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ نے حکم دیا تھا کہ 20 ستمبر کو بلدیاتی الیکشن کرائیں جس کی روشنی میں الیکشن کمشن نے اپنی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ الیکشن کمشن 28 جولائی کو شیڈول جاری کرے گا۔ جبکہ 24 اگست کو امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کر دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ 25 روز میں پچاس کروڑ بیلٹ پیپرز کی چھپائی ضروری ہے۔ پنجاب 31 کروڑ‘ سندھ کیلئے 11 کروڑ بیلٹ پیپرز درکار ہیں۔ خیبر پی کے میں 8 کروڑ سے 10 کروڑ بیلٹ پیپرز چاہئیں، اسلام آباد کنٹونمنٹ بورڈ کیلئے 60 لاکھ بیلٹ پیپرز چاہئیں۔ پرنٹنگ کارپوریشن پاکستان ‘ سکیورٹی پرنٹنگ کارپوریشن اور پوسٹ آفس فائونڈیشن گیارہ کروڑ بیلٹ پیپر چھاپنے کی استطاعت رکھتا ہے۔ گیارہ کروڑ سے زیادہ نہیں چھاپ سکتا تاہم تینوں اداروں نے پچاس کروڑ بیلٹ پیپرز بروقت چھاپنے سے معذر ت کرلی ہے۔ انہوں نے کہا کہ باقی بیلٹ پیپر نجی چھاپہ خانوں سے چھپوانے پر غور کیا جا رہا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں سید شیرافگن نے کہا کہ سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق تمام تیاریاں مکمل کر لیں گے اور فنڈز کا کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ پرنٹنگ کارپوریشن پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی مشینوں کو اپ گریڈ کریں۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی پریس والوں نے الیکشن کمشن کو بتایا ہے کہ روزانہ کی بنیاد پر سکیورٹی پریس صرف 6 لاکھ بیلٹ پیپر چھاپ سکتا ہے جبکہ پرنٹنگ کارپوریشن 25 روز میں ساڑھے سات کروڑ بیلٹ پیپر چھاپ سکتا ہے تاہم پوسٹ آفس نے دو کروڑ بیلٹ پیپر چھاپنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ شیر افگن نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کروانا قومی فریضہ ہے۔ الیکشن کمشن نے سرکاری پرنٹنگ کارپوریشن پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی استطاعت کے مطابق الیکشن کمشن کو بیلٹ پیپر چھاپ کر دیں۔ اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری کیبنٹ‘ سرکاری پرنٹنگ کارپوریشن کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی جبکہ چیف الیکشن کمشنر سردار رضا خان کی زیر صدارت ون پوائنٹ ایجنڈے پر اجلاس ہوا۔