حکومت اور مسلح افواج نے دہشت گردی کے چیلنج سے نمٹنے کا عہد کررکھا ہے: صدر ممنون

حکومت اور مسلح افواج نے دہشت گردی کے چیلنج سے نمٹنے کا عہد کررکھا ہے: صدر ممنون

اسلام آباد (اے پی پی) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان نے انتہا پسندی اور دہشتگردی کی لعنت کے خاتمے کا تہیہ کر رکھا ہے ‘ عوام‘ حکومت اور مسلح افواج نے اس چیلنج سے نمٹنے کا عہد کر رکھا ہے ، جمعہ کو یہاں ایوان صدر میں نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے نیشنل سیکیورٹی اینڈ وار کورس کے غیر ملکی شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دنیا میں دہشتگردی کے خاتمے کے لئے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم دہشتگردی کے خلاف متحد ہے اور آپریشن ضرب عضب میں کامیابی سے پیشرفت ہو رہی ہے۔ صدر نے مسئلہ کشمیر کے جلد حل کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق تنازع کشمیر کا منصفانہ حل تلاش کرنا چاہیے ۔ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور سے نہ صرف پاکستان کو اقتصادی فوائد حاصل ہونگے بلکہ پورا خطہ بھی خوشحال ہوگا۔ انہوں نے مسلح افواج کے افسران اور سول بیورو کریسی کے لئے معیاری سٹریٹجک تعلیم کے لئے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کی تعریف کی جہاں پڑوسی ممالک کے سینئر افسران بھی تعلیم حاصل کرتے ہیں۔ کورس کے شرکاء کا تعلق چین‘ امریکہ‘ آسٹریلیا‘ مصر‘ بنگلہ دیش اور دیگر ممالک سے تھا۔