بھارتی دھمکیاں: معاملہ اقوام متحدہ سمیت تمام عالمی فورمز پر اٹھائیں گے: دفتر خارجہ

بھارتی دھمکیاں: معاملہ اقوام متحدہ سمیت تمام عالمی فورمز پر اٹھائیں گے: دفتر خارجہ

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر+اے پی پی) پاکستان نے کہا ہے کہ ہم اپنی سکیورٹی کو لاحق کسی بھی خطرے سے نمٹنا جانتے ہیں اور اس سلسلے میں کسی کو بھی جواب دینے کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں اور ہر قیمت پر اپنی سالمیت، خودمختاری اور سلامتی کے تحفظ کے لئے اقدامات کر رہے ہیں، مجرموں کو سزائے موت دیئے جانے کے معاملہ پر یورپی یونین کی تنقید کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان کا داخلی معاملہ ہے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان نے پریس بریفنگ میں بھارتی رہنمائوں کے دھمکی آمیز بیانات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس معاملے کو اقوام متحدہ اور دیگر تمام بین الاقوامی فورمز پر اٹھایا جائے گا۔ پاکستان کے خلاف افغان صدر کے حالیہ بیانات کے بارے میں ترجمان نے کہا کہ وہ اس سلسلے میں افغان حکومت کی جانب سے پاکستان کے بھیجے گئے کسی پیپرز سے آگاہ نہیں۔ وزیراعظم نواز شریف کے حالیہ دورہ کابل اور ان کے بیانات سے متعلق ترجمان نے کہا کہ پاکستان افغانستان کے دشمنوں کو اپنا دشمن سمجھتا ہے۔