حکومتی پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے پرکشش مواقع موجود ہیں: صدر زرداری

حکومتی پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے پرکشش مواقع موجود ہیں: صدر زرداری

اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں) صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کی اقتصادی اصلاحات سے پیدا شدہ ماحول ترقی کا بڑا ذریعہ بنے گا۔ آزاد اور سرمایہ کاری دوست پالیسیوں کی بنا پر ملک میں سرمایہ کاری کیلئے پرکشش مواقع موجود ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ایوان صدر میں ملاقات کیلئے آنے والے جرمنی کے ممتاز صنعتی گروپ کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفد کے سربراہ ڈاکٹر اولف برلین نے صدر زرداری کو آگاہ کیا کہ ان کا گروپ پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی رکھتا ہے۔ آن لائن کے مطابق صدر نے کہا کہ پاکستان وسطی ایشیا اور دیگر اہم ایشیائی ممالک کیلئے رابطہ کا ذریعہ ہے۔ دریں اثناء صدر مملکت نے ایوان صدر میں ’’فیول ایتھنول پالیسی‘‘ کے بارے میں بریفنگ کے دوران کہا کہ ملک کے اقتصادی استحکام کیلئے درآمدی ایندھن پر انحصار کم کرنا اشد ضروری ہے۔ اے پی پی کے مطابق صدر زرداری نے کہاکہ تیل کی قیمتوں میں حالیہ بے تحاشا اضافہ سے یہ قیمتیں 150 ڈالر فی بیرل تک بڑھ گئی تھیں اور ماحولیاتی خدشات نے ایتھنول اور بائیو ڈیزل جیسے متبادل توانائی ذرائع کی ضرورت کو مزید بڑھا دیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ دنیا نئی ایندھن ٹیکنالوجیز تیار کرنے کی جانب تیزی سے پیش رفت کررہی ہے اور پاکستان پیچھے رہنے کا متحمل نہیں ہوسکتا۔