نواز شریف اور چوہدری نثارمیں دوریاں پیدا کر نے والوں کو ہمیشہ مایوسی ہوئی ، شکیل اعوان
راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ)وزیر اعظم یوتھ بزنس سکیم کے چیف کوآرڈینٹر پنجاب سابق رکن قومی اسمبلی ملک شکیل اعوان نے کہا ہے کہ آصف زرداری،خورشید شاہ ، اعتزاز احسن اور ڈاکٹر عاصم جیسے سیاستدانوں کو سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کا خوف نیند سے بیدار کر دیتا ہے ۔ میاں محمد نواز شریف اور چوہدری نثار علی خان میں دوریاں پیدا کر کے مسلم لیگ کو کمزور کرنے کی سازشیں کرنے والوں کو ہمیشہ مایوسی ہوئی ہے ۔ مسلم لیگ ن کے اراکین اسمبلی اور کارکنان آج بھی قائد میاں محمد نواز شریف ، میاں محمد شہباز شریف اور چوہدری نثار علی خان کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے ہیں عمران خان ، آصف زرداری ، طاہر القادری، سراج الحق اور شیخ رشید جیسے انتشار پسند اور ملک کی ترقی کے دُشمن 2018ء میں اپنی عبرت ناک شکست کو دیکھ کر الیکشن سے راہ فرار اختیار کر کے دھرنوں اور ملک میں جلسہ جلوس کر کے ملکی ترقی کا پہیہ روکنے میں مصروف ہیں سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف اور انکی ٹیم نے لوڈ شیڈنگ ختم کرنے اور دہشت گردی پر قابو پاکر 2013ء میں عوام سے کئے ہوئے وعدے پورے کر کے خیبر کے پی میں حکومت کرنے والے عمران خان کیلئے سوالیہ نشان چھوڑ دیا ہے جہاں پی ٹی آئی نے لوٹ مار کے ساتھ ساتھ صوبہ کا گزشتہ چار سال کا ترقیاتی بجٹ بھی اپنی جیبوں میں ڈال کر کروڑوں عوام کو مسائل کی دلدل میں دھکیل دیا ہے۔ملکی ترقی کی بدولت 2018ء میں وفاق کے ساتھ ساتھ ملک کے چاروں صوبوں میں مسلم لیگ ن کی حکومت قائم کرنے سے اب کوئی نہیں روک سکتا ۔