ڈیزل 4‘پٹرول پرسوں سے مزید 2روپے لٹر سستا ہونے کا امکان

ڈیزل 4‘پٹرول پرسوں سے مزید 2روپے لٹر سستا ہونے کا امکان

اسلام آباد (آن لائن/ اے این این) وزارت پٹرولیم کے حکام نے سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے پٹرولیم کے اجلاس میں بتایا ہے کہ پرسوں 15دسمبر سے ڈیزل کی قیمتوں میں مزید 4روپے اور پٹرول کے نرخوں میں 2روپے لٹر کمی کا امکان ہے اس حوالے سے سمری حکومت کو بھجوا دی گئی ہے۔ قائمہ کمیٹی کا اجلاس سینیٹر دلاور عباس کی صدارت میں ہوا جس میں کمیٹی نے حکومت کو توانائی کے شعبے میں نجکاری روکنے اور گیس کی قیمتیں کم کرکے 6ماہ تک فکس کرنے کی سفارش کر دی۔ اجلاس میں کہا گیا ہے کہ حکومت سٹیل ملز اور قادر پور گیس فیلڈ جیسے اہم اثاثوں کی نجکاری نہ کرے اور ایسے اداروں کو پیشہ ورانہ انداز میں چلانے کیلئے مینجمنٹ میں ضروری تبدیلیاں کی جائیں۔ اجلاس میں او جی ڈی سی ایل‘ پی پی آئی‘ پی ایس او‘ پی ایم ڈی سی کی نجکاری کا جائزہ لیا گیا۔ کمیٹی نے سفارش کی کہ اوگرا کی طرف سے گیس کی قیمتوں میں اضافے کی سمری کو منظور نہ کیا جائے کیونکہ عالمی منڈی میں تیل و گیس کی قیمتوں میں کمی ہو چکی ہے جس کا فائدہ پاکستانی صارفین کو بھی پہنچنا چاہئے۔ کمیٹی نے اس بات پر افسوس ظاہر کیا کہ بعض کمپنیاں عوام کو سستا تیل فراہم کرنے میں رکاوٹ بنی ہوئی ہیں‘ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں عوام سے 3اطراف پی ڈی ایل ڈی ڈیوٹی اور ڈیلرز مارجن کی مد میں سیلز ٹیکس وصول کیا جا رہا ہے جو زیادتی ہے۔