پاکستان اور بھارت کی حکومتوں نے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا: فرانسیسی سفیر

اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) پاکستان میں فرانس کے سفیر نے کہا ہے کہ بھارت کی حکومت نے پاکستان کی حکومت پر دہشت گردی کا الزام نہیں لگایا بلکہ غیر ریاستی عناصر پر الزامات لگائے۔ گزشتہ روز اپنی اقامت گاہ پر اخبار نویسوں کے ایک گروپ سے بات چیت کرتے ہوئے فرانس کے سفیر نے کہا کہ بھارت اور پاکستان کی حکومتوں نے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا ہے۔ اس موقع پر یورپی یونین کے سفیر جان ڈے کاک نے کہا کہ پاکستان اور بھارت دونوں میں اعتماد سازی کی ضرورت ہے‘ دونوں ممالک میں سرحدی تجارت اور دوسرے اقدامات کے ذریعہ اعتماد کی فضا پیدا کرنا ضروری ہے۔ یورپ میں دوسری جنگ کے بعد یورپی ممالک نے بھی یورپی یونین کے قیام کی بنیاد تجارتی تعلقات کی بنیاد پر رکھی جس کے نتیجے میں یورپی یونین وجود میں آئی۔ جنوبی ایشیا میں اس طرح کا تجربہ کامیاب ہو سکتا ہے۔