برطانیہ نے تحقیقاتی وفد بھارت بھجوانے کی پاکستانی پیشکش کی حمایت کر دی

برطانیہ  نے  تحقیقاتی  وفد  بھارت  بھجوانے  کی  پاکستانی  پیشکش  کی  حمایت  کر  دی

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر + ریڈیو نیوز + آن لائن) برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ ملی بینڈ نے پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی سے گذشتہ روز ٹیلی فونک رابطہ کیا اور اس دوران پاکستان بھارت کشیدگی‘ پاکستان برطانیہ تعلقات اور دہشت گردی کے خلاف جنگ کے امور پر تبادلہ خیالات کیا گیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود نے کہا کہ بھارت صورتحال بہتر بنانے کے لئے پاکستان کے ساتھ پیغام رسانی کے تمام ذرائع کھلے رکھے اور ممبئی دہشت گردی کے بارے میں پاکستان کو فوری ثبوت فراہم کرے‘ وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان سلامتی کونسل کی قرارداد کی پاسداری کرے گا اور بھارت کے ساتھ مشترکہ تحقیقات کے لئے بھی تیار ہے‘ وزارت خارجہ کے بیان کے مطابق برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ ملی بینڈ نے پاکستانی اقدامات کو سراہا اور کہا کہ یورپی یونین کے منسٹریل کونسل نے تجویز دی ہے کہ یورپی یونین اور پاکستان کے درمیان تعلقات کو مستحکم کیا جائے گا‘ پاکستان کو یورپی منڈیوں میں زیادہ رسائی دی جائے گی اور اس حوالے سے پاکستان یورپی یونین تعلقات کو برابری کی سطح پر لے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔دریں اثناء برطانوی وزیر خارجہ نے تحقیقات کے حوالے سے اعلیٰ سطح وفد بھارت بھیجنے کی پاکستانی پیشکش کی حمایت کر دی ہے۔