اوباما پاکستان میں لاپتہ افراد کو بازیاب کرائیں: آمنہ جنجوعہ کا خط

اسلام آباد (نیٹ نیوز) ڈیفنس آف ہیومن رائٹس نے نومنتخب امریکی صدر بارک اوباما کو خط میں مسعود جنجوعہ سمیت دیگر لاپتہ افراد کی تلاش کی درخواست کی ہے‘ ڈیفنس آف ہیومن رائٹس کی چیئرپرسن آمنہ مسعود جنجوعہ نے اوباما کے نام خط میں بتایا ہے کہ 30 جولائی 2005ء کو پشاور جاتے ہوئے ان کے شوہر مسعود جنجوعہ اغوا ہوئے تھے‘ تین سال سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود ان سے کوئی رابطہ نہیں ہوا ہے‘ خط میں بتایا گیا ہے کہ مسعود جنجوعہ اور دیگر لاپتہ افراد کو سی آئی اے کی مداخلت کے باعث رہا نہیں کیا جا رہا۔ خط میں مزید کہا گیا ہے کہ ہزاروں پاکستانی شہری لاپتہ ہیں اور کئی سال گزرنے کے باوجود ان کے اہلخانہ کو ملنے کی اجازت نہیں دی جا رہی‘ خط میں 2007ء میں پاکستان میں خودکش حملوں اور ان سے ہوئی اموات کے بارے میں بھی اوباما کو آگاہ کیا گیا۔