غریب افراد کیلئے نیشنل ہیلتھ انشورنس سکیم تیار، وزیراعظم نے منظوری دیدی

غریب افراد کیلئے نیشنل ہیلتھ انشورنس سکیم تیار، وزیراعظم نے منظوری دیدی

اسلام آباد (آئی این پی) وزارت قومی صحت نے غربت کی لکیر سے نیچے زندگی بسر کرنے والے افراد کیلئے نیشنل  ہیلتھ انشورنس سکیم تیار کر لی جس کی وزیراعظم نوازشریف نے منظوری دیدی ہے اور 9 ارب 10کروڑ کا پی سی ون تیار کر کے پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کو بھجوا دیا گیا ہے۔ دل‘ گردہ‘ جگر سمیت سات بیماریوں کے علاج کیلئے مالی تعاون فراہم کیا جائے گا۔ سکیم کے تحت سات ترجیحی بیماریوں جن میں دل‘ گردہ‘ جگر‘ شوگر‘ دیرینہ بیماریوں‘ اعضاء کے کام نہ کرنے اور جلنے کا علاج کیا جائیگا اس کے لئے سرکاری ہسپتالوں کے ساتھ ساتھ بعض نجی ہسپتالوں میں بھی علاج معالجے کی سہولت میسر ہوں گی۔ رپورٹ کے مطابق بارہ ہزار روپے میٹرنٹی کیپ‘ پچاس ہزار روپے فی خاندان سالانہ دیکھ بھال کی سہولت جبکہ دو لاکھ پچاس ہزار روپے فی خاندان سالانہ تک ترجیحی علاج معالجے کی سہولت میسر ہوگی۔  پروگرام کا نام وزیراعظم قومی صحت انشورنس پروگرام رکھا گیا ہے۔