سینٹ اجلاس دو روز وقفے کے بعد آج ہوگا

سینٹ اجلاس دو روز وقفے کے بعد آج ہوگا

اسلام آباد (آئی این پی) سینٹ کا اجلاس (آج) پیر کو چیئرمین میاں رضا ربانی کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہائوس میں ہو گا، جس میں یمن کی صورتحال کے بارے میں پارلیمنٹ کی مشترکہ قرارداد کی منظوری کے بعد متحدہ عرب امارات اور دیگر عرب ممالک کی طرف سے آنے والے ردعمل پر ایوان میں بحث کی جائے گی جبکہ وزیر دفاع خواجہ آصف اور مشیر خارجہ سرتاج عزیز ارکان کے سوالوں کے جواب دیں گے۔ سینٹ کا اجلاس پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے باعث گزشتہ ہفتے منعقد نہیں ہو سکا تھا اور چیئرمین نے اسے پیر تک کیلئے ملتوی کر دیا تھا۔ وقفہ سوالات کے بعد سیاسی جماعتوں کے ارکان یمن کی صورتحال پر اپنا اپنا مؤقف پیش کریں گے۔ سوالوں کے جواب وزیر دفاع اور مشیر خارجہ دیں گے جبکہ ایوان میں بلوچستان کے علاقے تربت میں پنجاب اور سندھ سے تعلق رکھنے والے 20 مزدوروں کو بلوچستان کی علیحدگی پسند تنظیم، ’’بلوچ لبریشن‘‘ کی جانب سے قتل کرنے کے واقعہ پر بھی ایوان میں بحث ہوگی۔