ریذیڈنٹ ایڈیٹر اسلام آباد نوائے وقت جاوید صدیق کی کرولا گاڑی چوری ہوگئی

راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے) معروف صحافی ریذیڈنٹ ایڈیٹر روزنامہ نوائے وقت راولپنڈی اسلام آباد جاوید صدیق کی کرولا کار چوری ہوگئی ۔ انہوں نے ریسکیو15 کو اطلاع دیتے ہوئے بتایا ہے کہ گلشن دادن خان میں انکے گھر کے سامنے انکی سفید رنگ کی کرولاکار نمبرWB-129 کھڑی تھی۔ وہ نماز فجر کیلئے قریبی مسجد میں گئے، نماز کی ادائیگی کے بعد جب واپس آئے تو انکی کار چوری ہوچکی تھی جس میں انکے قیمتی کاغذات تھے۔ اسی دوران کار میں لگے ٹریکر کی کمپنی نے انہیں موبائل فون پر اطلاع دی کہ انکی کار اسوقت کوٹ نجیب اللہ ہری پور کے علاقے میں ہے جس کی اطلاع تھانہ نیو ٹائون کے ایس ایچ او اعجاز شاہ کو دی گئی ۔ ہری پور پولیس سے بھی رابطہ کیا گیا تاہم گاڑی برآمد نہ ہوسکی۔ کار چوری کے بعد سی پی او راولپنڈی اسرار عباسی سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کار کو ٹریکرکمپنی سے فوری بند کرانے کیلئے کہا اور ہری پور پولیس کو بھی وقوعہ سے آگاہ کیا۔ جاوید صدیق نے آئی جی خیبر پی کے ناصر خان درانی کو بھی راولپنڈی سے انکی کار چوری ہونے اور ٹریکر کمپنی کے ریکارڈ کے مطابق اسکی کوٹ نجیب اللہ میں موجودگی کے حوالے سے مطلع کیا۔ ڈی پی او ہری پور نے نوائے وقت کے ریذیڈنٹ ایڈیٹر سے رابطہ کرکے بتایا کہ پولیس ٹیمیں ٹریکر کی مدد سے انکی مسروقہ کار کا پتہ چلانے میں مصروف ہیں۔